Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کی شہری اہداف اور اہم تنصیبات پر ایرانی حملوں کی مذمت

سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ’ایران اہم تنصیبات اور شہری مقامات کو نشانہ بنا کر عوام کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے خلیجی خطے میں شہری اہداف اور اہم تنصیبات کے خلاف ایران کی ’خطرناک‘ بڑھتی ہوئی کارروائیوں کی دوبارہ مذمت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اتوار کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ابو الغیط نے کہا کہ ’یہ غیر ذمہ دارانہ اور بلاجواز اضافہ ایک سنگین غلط اندازہ ہے جس پر ایران کو فوری نظرثانی کرنی چاہیے۔‘
ایران نے 28 فروری کو اس وقت جوابی حملے شروع کیے تھے جب امریکی اور اسرائیلی فورسز نے ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فضائی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ایران اہم تنصیبات اور شہری مقامات کو نشانہ بنا کر عوام کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے اور آبادیوں، اہم بنیادی ڈھانچے، اور شہری مقامات کو نشانہ بنا کر پورے خطے کو نہایت خطرناک راستے پر ڈال رہا ہے۔‘
عرب لیگ کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے توقع ہے کہ وہ بلاک کے کئی ممالک پر ہونے والی ایرانی بمباری پر غور کرنے کے لیے ہنگامی اجلاس منعقد کریں گے۔
معاون سیکریٹری جنرل حسام زکی کے مطابق یہ اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہوگا، اور اس کی درخواست کویت، سعودی عرب، قطر، عمان، اردن اور مصر نے کی ہے۔

 

شیئر: