ایران کے سپریم لیڈر کے انتخاب کی ذمہ دار کونسل نے فیصلہ کر لیا، نام کا اعلان ہونا باقی
ایران کے سپریم لیڈر کے انتخاب کی ذمہ دار کونسل نے فیصلہ کر لیا، نام کا اعلان ہونا باقی
اتوار 8 مارچ 2026 15:35
ایران کے نئے سپریم لیڈر کے انتخاب پر مامور ادارے نے فیصلہ کر لیا ہے، اگرچہ نام کا اعلان ابھی باقی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایران کی خبر رساں ایجنسی اسنا نے بتایا کہ انتخابی ادارے کے رکن اور صوبہ خوزستان کی نمائندگی کرنے والے محسن حیدری نے کہا کہ ’ایکسپرٹس کی اسمبلی کی اکثریت کی منظوری سے سب سے موزوں امیدوار کا تعین کر لیا گیا ہے۔‘
ایک اور رکن محمد مہدی میرباقری نے ایران کی فارس نیوز ایجنسی کو دی گئی ایک ویڈیو میں تصدیق کی کہ ’اکثریتی رائے کی عکاسی کرنے والی ایک مضبوط رائے تک پہنچ چکے ہیں۔‘
اسرائیلی فوج نے خبردار کیا کہ وہ ایران کے اگلے سپریم لیڈر کے ہر جانشین کا پیچھا جاری رکھے گی۔
ایکس پر فارسی میں ایک پوسٹ میں اسرائیلی فوج نے یہ بھی خبردار کیا کہ وہ ہر اُس شخص کا پیچھا کرے گی جو آیت اللہ علی خامنہای کے جانشین کو مقرر کرنے کی کوشش کرے یعنی اُس روحانی کونسل کا حوالہ دیتے ہوئے جو اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈر کے انتخاب کی ذمہ دار ہے۔
ایکسپرٹس کی اسمبلی کے ایک اور رکن، آیت اللہ محسن حیدری الکثیر نے اتوار کو نور نیوز کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ موجودہ حالات میں حتمی ووٹنگ کے لیے اسمبلی کا بالمشافہ اجلاس ممکن نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک امیدوار کا انتخاب کر لیا گیا ہے، مرحوم سپریم لیڈر کی اُس نصیحت کی بنیاد پر کہ ایران کا رہبر اعلیٰ ایسا ہو جس سے ’دشمن نفرت کرتا ہو‘ نہ کہ جس کی تعریف کرتا ہو۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ خامنہای کے بیٹے مجتبیٰ، اُن کے لیے ’ناقابلِ قبول‘ انتخاب ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انہوں نے منتخب جانشین کے بارے میں کہا کہ ’حتیٰ کہ عظیم شیطان (امریکہ) نے بھی اس کا نام لیا ہے۔‘ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ خامنہای کے بیٹے مجتبیٰ، اُن کے لیے ’ناقابلِ قبول‘ انتخاب ہیں۔
سنیچر کو ایک سینیئر عالمِ دین نے، جو ایکسپرٹس کی اسمبلی کے رکن ہیں، کہا تھا کہ اس کے ارکان ’ایک دن کے اندر‘ رہبر کا انتخاب کرنے کے لیے اجلاس منعقد کریں گے۔
ایرانی میڈیا نے بتایا کہ گروپ کے اندر اس بات پر معمولی اختلاف پایا گیا کہ آیا اُن کا حتمی فیصلہ بالمشافہ اجلاس کے بعد ہونا چاہیے یا اس رسمی شرط کے بغیر بھی جاری کیا جا سکتا ہے۔