Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا ہوا کے ذریعے پھیلتا ہے‘

کورونا جراثیم ممکنہ طور پر فضا میں تین گھنٹے تک زندہ رہتے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
سائنسی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس کے جراثیم کئی گھنٹوں تک فضا میں زندہ رہتے ہیں اور یہ جراثیم اس ماحول میں موجود افراد کو متاثر کر سکتے ہیں۔
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے جراثیم فضا میں موجود ہونے کے سائنسی شواہد بڑھ رہے ہیں۔
 سائنسی شواہد کے مطابق جراثیم کے فضا میں موجود ہونے اور لوگوں کو متاثر کرنے کا خطرہ رش والی بند جگہوں میں زیادہ ہوتا ہے جہاں ہوا کا گزر کم سے کم ہو۔ یہی وجہ ہے کہ بند جگہوں جیسے ریستوران، چرچ اور گوشت کے پلانٹس میں وائرس کے پھیلاؤ کے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔
وائرس کے فضا میں موجود ہونے کا مطلب یہ بھی ہے کہ اس کے جراثیم ایک سے دوسری جگہ منتقل ہو سکتے ہیں۔ دیگر پیتھوجن جیسے خسرے کے جراثیم بھی فضا میں دو گھنٹے تک زندہ رہتے ہیں، جبکہ اس کے مقابلے میں ایچ آئی وی کا وائرس انسانی جسم کے باہر مؤثر نہیں رہتا۔

کورونا جراثیم سے بچنے کے لیے ماسک پہننا ضروری ہے (فوٹو اے ایف پی)

کورونا وائرس کے حوالے سے ماہرین متفق ہیں کہ اس کے جراثیم زیادہ دور تک فضا میں سفر نہیں کر سکتے اور نہ ہی کھلی فضا میں زیادہ مؤثر رہتے ہیں۔
شواہد کے مطابق کورونا کے جراثیم ایک کمرے کی لمبائی کے برابر سفر طے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ایک تجربے سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر تین گھنٹوں تک فضا میں مؤثر رہتے ہیں۔

ایروسولز اور ڈراپ لیٹس میں کیا فرق ہوتا ہے؟

ایروسولز قطرے ہوتے ہیں اور قطرے ایروسولز، ان دونوں میں صرف سائز کا فرق ہوتا ہے۔
سائنسدان بعض اوقات پانچ مائیکرون سے کم ڈایا میٹر والی بوندوں کو ایروسول کہتے ہیں۔ اگر موازنہ کیا جائے تو خون کا ایک ریڈ بلڈ سیل ڈایا میٹر میں پانچ مائیکرونز جتنا ہوتا ہے اور ایک انسانی بال تقریباً 50 مائیکرونز چوڑا ہوتا ہے۔
کورونا وائرس کی وبا کے ابتدا سے ہی عالمی ادارہ صحت اور صحت کی دیگر ایجنسیوں نے اس بات پر توجہ مرکوز رکھی کہ وائرس متاثرہ شخص کی کھانسی یا چھینک سے نکلنے والے قطروں کے ذریعے پھیلتا ہے۔

بند جگہوں میں کورونا جراثیم سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ فوٹو اے اہف پی

یہ قطرے بھاری ہونے کی وجہ سے جلد ہی زمین یا کسی بھی ایسی سطح پر گر جاتے ہیں جس کو دوسرے افراد کے چھونے کا خطرہ بحر حال موجود ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پبلک ہیلتھ کے اہلکاروں نے ایک دوسرے سے چھ فٹ کا محفوظ فاصلہ قائم رکھنے کی ہدایات دی ہیں اور زیادہ سے زیادہ ہاتھ دھونے کا کہا ہے۔

کیا مجھے ہسپتال میں استعمال ہونے والا ماسک گھر کے اندر بھی پہننا چاہیے؟ اور کسی بند جگہ پر کتنی دیر تک رہنا محفوظ ہے؟

تمام افراد جو صحت کے شعبے سے وابستہ ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ این 95 ماسک پہن کر رکھیں کیونکہ یہ ماسک ایروسولز کو جسم میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔ باقی افراد کو چاہیے کہ وہ کپڑے کا ماسک پہن کر رکھیں کیونکہ جراثیم اندر جسم کے اندر داخل ہونے کا خطرہ کافی حد تک کم رہتا ہے۔

شیئر: