Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کرکٹ کی خاطر آسٹریلیا کو انگلینڈ جانا ہوگا‘

انگلینڈ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز سے کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو انگلینڈ کا دورہ کرنا چاہیے کیونکہ یہ بین الاقوامی کرکٹ کی بہتری کے لیے ضروری ہوگا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جسٹن لینگر نے نیوز کارپ آسٹریلیا کو بتایا کہ ان کے خیال میں آسٹریلوی ٹیم کو انگلینڈ جانا چاہیے اور اس بات کے حق میں کافی دلائل موجود ہیں۔
آسٹریلوی کوچ نے کہا کہ کورونا کے باوجود بھی کرکٹ کو آگے بڑھانے کے لیے ٹیم کو دورہ کرنا چاہیے خواہ جتنا بھی حفاظتی ماحول ضروری ہو، اس کے مطابق کھیل کی بہتری کے لیے شرکت کرنی چاہیے۔
جمعرات کو انٹرویو میں جسٹن لینگر کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ انگلینڈ کے دورے کی اجازت دے اور پھر اس کے بعد آسٹریلوی کھلاڑیوں کو انڈیا میں پریمیئر لیگ کھیلنے کے لیے بھیجے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں ہمیں انگلینڈ جانا ہوگا۔ جانتا ہوں کہ کافی چیلنجز درپیش ہیں مگر ہمیں ہر ممکن کوشش کرکے حل تلاش کرنا ہوں گے تاکہ کرکٹ کھیلی جا سکے۔‘
یاد رہے کہ انگلینڈ میں دونوں ممالک کے درمیان ایک روزہ کرکٹ میچز کی سیریز رواں ماہ کھیلی جانا تھی جو کورونا کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی ہے اور اب اس کے لیے ستمبر کے مہینے کا شیڈول جاری کیا جا رہا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے کورونا کی وبا کے دوران اپنا 15 فیصد عملہ فارغ کر دیا ہے اور رواں سال کے آخر میں انڈیا کے ساتھ کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کے لیے بے تاب ہے جس سے کمائی کا امکان ہے۔
جسٹن لینگر نے کہا کہ ’جس طرح آسٹریلوی کرکٹ بورڈ انڈیا کی کرکٹ ٹیم کے دورے کا منتظر ہے اور چاہتے ہیں کہ وہ یہاں کھیلنے آئیں اسی طرح ہمیں بھی انگلینڈ جانا چاہیے اگر ممکن ہے۔‘

آسٹریلوی ٹیم نے مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچ کے بعد کرکٹ نہیں کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ کے مطابق انڈیا میں پریمیئر لیگ کا نیا شیڈول جاری ہوتا ہے تو اس کے بعد اپنے کھلاڑیوں کی دستیابی اور ان کی شرکت سے متعلق یہاں کافی سوچ و بچار جاری ہے۔
واضح رہے کہ عالمی وبا کورنا کی وجہ سے کئی ماہ تک تعطل کا شکار رہنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں انگلینڈ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز سے بحال ہو گئی ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں