Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صلاحیتوں کی قدر نہیں، ملک چھوڑ دوں گی: رابی پیرزادہ

رابی پیرزادہ ماضی میں بھی مختلف تنازعات کا شکار رہی ہیں (فوٹو سوشل میڈیا)
موسیقی کی دنیا کو چھوڑ دینے والی سابق پاکستانی گلوکارہ رابی پیرزادہ نے معاشرتی رویوں کا شکوہ کیا تو اپنے تئیں لوگوں کے ملک چھوڑنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ’وہ بھی جلد چھوڑ دیں گی‘۔
مختلف وجوہات کی بنا پر خبروں کی زینت بنتے رہنے والی 31 سالہ رابی پیرزادہ نے جمعرات کو مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں خود پر ہونے والی تنقید کا بالواسطہ ذکر کیا تو اس موقع پر پاکستانیوں اور انڈینز کا موازنہ بھی کر ڈالا۔
رابی پیرزادہ کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’درحقیقت یہاں ایک وجہ ہے کہ لوگ پاکستان چھوڑ جاتے ہیں۔ آج مجھے تصدیق کرنے دیں کہ انڈینز ہم سے بہت بہتر ہیں۔ انہوں نے کبھی مجھے تنقید کا نشانہ نہیں بنایا‘۔
پاکستانی شہریت چھوڑ کر انڈین شہریت اختیار کرنے والے گلوکار عدنان سمیع کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا ’میں ماضی میں کہی گئی بات پر معافی چاہتی ہوں، یہ قوم صلاحیتوں کی حقدار نہیں، نہ آپ کی آواز کی اور نہ میری پینٹنگز کی۔ میں بھی چھوڑ دوں گی‘۔

رابی پیرزادہ کی ٹویٹ پر ردعمل دینے والے صارفین نے کہیں ان کی جانب سے ملک چھوڑنے کے اعلان پر غم و غصہ کا اظہار کیا تو کہیں اس کے اسباب جانے میں دلچسپی لیتے رہے۔
عدنان سمیع نے رابی پیرزادہ کی ٹویٹ کا جواب دیا تو ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’رہنے کے لیے جو بھی مقام منتخب کریں وہاں خوشیاں اور صحت پائیں‘۔

رابی پیرزادہ نے عدنان سمیع کی ٹویٹ کے جواب میں لکھا ’ہم نے ہمیشہ آپ کو نیچا دکھانے کی کوشش کی، ان باتوں کا الزام دیا جو آپ نے نہیں کی تھیں۔۔۔ آج جب یہ میرے ساتھ ہوا ہے تو مجھے اندازہ ہوا کہ آپ کیسا محسوس کرتے ہیں، عدنان بھائی میں معذرت خواہ ہوں‘۔

عدنان سمیع نے ایک بار پھر رابی پیرزادہ کو جواب دیا تو لکھا ’بہت سے لوگ جن باتوں کو نہیں جانتے ان پر بھی فیصلے کرتے ہیں۔ انہیں اس کا کوئی حق نہیں‘۔ رابی پیرزادہ کو نصیحت کرتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا ’یہ آپ کی زندگی ہے اسے اپنی مرضی کے مطابق گزاریں‘۔
رابی پیرزادہ چند گھنٹے قبل پاکستان چھوڑنے کے اعلان پر مبنی ٹویٹ سے پیدا ہونے والے تاثر کے بالکل برعکس موقف کے ساتھ سامنے آئیں تو لکھا ’پاکستان میرے خون میں شامل ہے۔ آپ کے الفاظ یا بدتمیزی پر مبنی تبصرے دھرتی ماں سے متعلق میرے جذبات کو نہیں بدل سکتے‘۔

پاکستان چھوڑنے کے اعلان پر غم و غصہ کا اظہار کرنے والے صارفین انہیں ان فالو کرنے اور بلاک کرنے کے اعلانات کرتے رہے تو معاملے کا پس منظر جاننے کے بعد کچھ صارفین رابی پیرزادہ کے ناقدین کو ایسا نہ کرنے کی تلقین کرتے رہے۔
چند روز قبل ’رابی پیرزادہ والنٹیر فورس‘ نامی ہینڈل کی ایک ٹویٹ پر تنقید ہوئی تو رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ ان کا اس ٹویٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جمعرات کی صبح کی ایک الگ ٹویٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’جب کسی کو گالی دینے سے نہیں روک سکتی تو ایسا کہنے سے کیسے روک سکتی ہوں‘۔
رابی پیرزادہ کی ٹوئٹر ٹائم لائن سے واضح ہے کہ ’رابی پیرزادہ والنٹیر فورس‘ نامی ہینڈل کی ٹویٹ، اس پر ہوئی تنقید اور رابی پیرزادہ کے جواب سے بڑھنے والی بحث ہی ملک چھوڑنے کے اسباب کے ذکر اور خود بھی ایسا ارادہ ظاہر کرنے کی وجہ بنی ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: