Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: ویزوں کی تجدید کے سابقہ فیصلے منسوخ

’غیر ملکیوں کے اقامے اور ویزے دسمبر تک تجدید کرنے کا فیصلہ منسوخ کردیا گیا ہے‘ ( فوٹو: الامارات الیوم)
اماراتی کابینہ نے غیر ملکیوں کے اقاموں اور ویزوں کی توسیع کے متعلق سابقہ فیصلے میں ترمیم کرتے ہوئے نئے فیصلے کیے ہیں جن کا نفاذ کل اتوار سے ہوگا۔
اماراتی نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق کابینہ نے کہا ہے کہ ’کورونا کے باعث پیدا ہونے والے بحران پر قابو پانے اور معمولات زندگی بحال ہونے کے بعد سابقہ فیصلوں پر نظر ثانی کی گئی ہے‘۔
کابینہ نے کہا ہے کہ ’کورونا بحران کے دوران فیصلہ کیا گیا تھا کہ ملک میں موجود یا بیرون ملک ان غیر ملکیوں کے اقاموں میں 31 دسمبر تک توسیع تصور کیا جائے گا جن کے اقامے یکم مارچ کے بعد ختم ہیں‘۔
’اسی طرح ان غیر ملکیوں کے ویزے دسمبر کے آخر تک نافذ العمل تصور کیے جائیں گے جو ملک میں یکم مارچ یا اس کے بعد کی تاریخ میں داخل ہوئے‘۔
’علاوہ ازیں وہ تمام شناختی دستاویزات جو یکم مارچ یا اس کے بعد ختم ہونے تھے انہیں دسمبر کے آخر تک نافذ العمل تصور کیا جائے گا‘۔
کابینہ نے کہا ہے کہ مذکورہ بالا تمام فیصلے آج ہفتہ 11 جولائی سے منسوخ ہیں۔ کل اتوار 12 جولائی سے ملک میں موجود غیر ملکی اپنے اقاموں اور ویزوں کی تجدید کروائیں گے۔
فیسلے کے مطابق اقاموں اور ویزوں کی توسیع کے لیے غیر ملکیوں سے مقررہ فیس وصول کی جائے گی۔
’وہ غیر ملکی جو بیرون ملک میں ہیں اور جن کے اقامے یکم مارچ کے بعد ختم ہوگیے ہیں یا جنہیں بیرون ملک میں 6 ماہ کا عرصہ ہوا ہے انہیں پروازوں کی بحالی کے بعد واپس آنے کی مہلت دی جائے گی، اس کے وقت کا تعین محکمہ اقامہ اندازے سے کرے گا‘۔
کابینہ نے شہریوں اور جی سی سی ممالک کے شہریوں کو جو 6 ماہ سے بیرون ملک ہیں انہیں واپس آنے کے بعد شناختی دستاویزات کی تجدید کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی جائے گی‘۔

’بیرون ملک موجود غیر ملکیوں کو واپس آنے کے لیے مقررہ مہلت دی جائے گی‘ ( فوٹو: البیان)

’ان شہریوں اور جی سی سی  ممالک کے شہریوں کو جو ملک کے اندر موجود ہیں اور جن کے شناختی دستاویزات ختم ہیں انہیں تجدید کے لیے تین ماہ کی مہلت دی جائے گی‘۔
کابینہ نے اس بات کی بھی منظوری دی ہے کہ مہلت ختم ہونے کے بعد شناختی دستاویزات کی تجدید نہ کرنے پر جرمانے نافذ کیے جائیں۔

شیئر: