Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں خوفناک آتشزدگی ، متعدد گاڑیاں تباہ

مصری وزارت پٹرولیم کا کہنا ہے کہ آگ قابو میں ہے(فوٹو ٹوئٹر)
مصر میں منگل کو قاہرہ اسماعیلیہ صحرا روڈ پر العاشر بن رمضان شہر کی پارکنگ میں تیل پائپ لائن میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ دھویں کے بادل مصری دارالحکومت پر چھا گئے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق فائر بریگیڈ کی بیس گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔
مصری وزارت پٹرولیم کا کہنا ہے کہ آگ قابو میں ہے۔جس پائپ لائن میں آگ لگی وہ مبینہ طور پر کیمیکل کے لیے استعمال میں تھی۔
مصری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے باعث السلام شہر سے العبور شہر کے  روڈ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

دھویں کے بادل مصری دارالحکومت پر چھا گئے۔(فوٹو ٹوئٹر)

سوشل میڈیا پر آتشزدگی کی وڈیو وائرل ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ درجنوں گاڑیاں آک کی لپیٹ میں ہیں۔
الیوم السابع کے مطابق  پٹرول پائپ کمپنی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ آگ اسماعیلیہ  کے صحرائی روڈ پر تیل کی پائپ لائن میں رساؤ کی وجہ سے لگی ہے۔
آگ بجھانے کی کوشش جاری ہے۔  اسباب کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
سکائی نیوز کے مطابق آتشزدگی کی لپیٹ میں آجانے والی متعدد گاڑیوں کے ڈرائیور جھلس گئے۔
مصری وزیر پٹرولیم صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
مصری محکمہ ٹریفک نے عوام سے کہا ہے کہ وہ اژدحام کے پیش نظر اسماعیلیہ شاہراہ سے دور رہیں۔ محکمے نے متاثرہ علاقے جانے والے تمام راستے بند کردیے۔
مصر کے طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ اب تک 8 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ متاثرین کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ ممکن ہے کچھ لوگ آگ سے متاثر ہوکر ہلاک بھی ہوگئے ہوں۔
آتشزدگی کے اسباب جاننے کے لیے تکنیکی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اپنی رپورٹ سیکیورٹی اداروں کو پیش کرے گی۔

شیئر: