Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واٹس ایپ سروس ڈاؤن: ’چلتے چلتے یونہی رک جاتا ہوں میں‘

واٹس ایپ سرور ڈاون ہونے کی کوئی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔ (فوٹو:ٹوئٹر)
کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان سمیت کئی نجی اور سرکاری کمپنی کے ملازمین گھروں سے کام کرنے پر مجبور ہیں۔ ورک فرام ہوم سننتے ہی گھر میں ایک آرام دہ اور پرسکون ماحول میں کام کرنے اور اس دوران خود کو تازہ دم رکھنے کے لیے چائے یا کافی سے اپنی تواضع کرتے رہنے کا تصور ذہن میں ابھرتا ہے۔
نہ آفس کے لیے تیار ہونے کی جھنجھٹ نہ تاخیر سے پہنچنے کا ڈر۔ بس لیپ ٹاپ اٹھایا اور کام شروع کردیا، یوں تو یہ بہت آسان معلوم ہوتا ہے لیکن حقییت اس کے بالکل برعکس ہے۔
آفس میں کام کرنے کے دوران انٹرنیٹ، سافٹ ویئرز اور انتظامی امور کے مسائل حل کرنے کے لیے ایک ٹیم ہر وقت موجود ہوتی ہے۔
کسی بھی قسم کی تکنیکی خرابی کی صورت میں فورا آئی ٹی یا متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کو مطلع کر دیا جاتا ہے لیکن ورک فرام ہوم میں اگر کوئی ان چھوٹے موٹے مسائل حل کرنے کے لیے ذمہ دار ہے تو وہ ہیں آپ  خود۔
جی ہاں شاید اسی وجہ سے زیادہ تر لوگ ورک فرام ہوم سے تنگ دکھائی دیتے ہیں۔

یوں تو ورک فرام ہوم بہت آسان معلوم ہوتا ہے لیکن حقییت اس کے بالکل برعکس ہے(فوٹو:الرجل)

گھر سے بہتر طریقے سے کام کی انجام دہی کے لیے دنیا بھر میں سوشل نیٹ ورکنگ ایپس کا استعمال کیا جا رہا ہے جس میں سکائپ، واٹس ایپ ، زوم وغیرہ شامل ہیں۔ اگر رابطہ رکھنے والی ان ایپس میں سے کسی ایک میں بھی مسئلہ آجائے تو کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔
ایسا ہی کچھ گذشتہ رات واٹس ایپ کے ساتھ بھی ہوا جب واٹس ایپ سرور ڈاوَن ہونے سے صارفین کومشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سرور ڈاؤن ہونے سے پیغامات رسانی کا سلسلہ رک گیا جس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کچھ ہی دیر میں واٹس ایپ ڈاؤن ٹرینڈ بن گیا، صارفین کی بڑی تعداد نے واٹس ایپ ڈاؤن ہونے کی اطلاع دی۔
ٹوئٹر صارف فاہد ملک کا کہنا تھا کہ ’واٹس والوں کو چاہیے کہ دن میں سرور ڈاون کیا کریں یہاں تو آفس کا سارا کام واٹس ایپ پر ہی چلتا ہے۔‘

جہاں صارفین اس تکنیکی خرابی کے باعث پریشان دکھائی دیے وہیں ممیز بنانے والوں نے یہ موقع بھی ہاتھ سے جانے نہ دیا۔ کسی نے بالی وڈ کا گانا لکھ دیا جبکہ اکثر ایسے بھی تھے جن کا کہنا تھا یہ کب ہوا ہم سوتے رہ گئے۔
ٹوئٹر صارف شرما جی نے شاہ رخ کی مشہور فلم محبتیں کا گانا ’کیا یہی پیار ہے‘ کے بول پر اپنی ایک میم شیئر کی جس میں لکھا تھا ’چلتے چلتے یونہی رک جاتا ہوں میں۔‘

ٹوئٹر صارف  سمیرین نے لکھا ’مورخ لکھے گا 15 جولائی2020, بروز بدھ ایک بج کے کچھ منٹس پر جب ساری عوام سو رہی تھی تب واٹس ایپ ڈاؤن ہوا تھا۔'

ماضی میں بھی واٹس ایپ سرور ڈاون ہوتا رہا ہے البتہ اس بار سرور ڈاون ہونے کی کوئی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔

شیئر: