Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بھاشا ڈیم تختی: ’ایسا کونسلر بھی نہیں کرتا‘

منصوبے کی تختی نے پی ٹی آئی کے ناقدین کو عمران خان پر تنقید کا جواز فراہم کر دیا (فوٹو:پی آئی ڈی)
وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو دیامر بھاشا ڈیم کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا تو سوشل میڈیا پر یہ بحث چل پڑی کہ اس منصوبے کا کریڈٹ کس سیاسی جماعت کو جاتا ہے کوئی اس کا سہرا پی ٹی آئی کے سر باندھتا نظر آیا تو کسی نے اسے مسلم لیگ ن کی کاؤشوں کا نتیجہ قرار دیا۔
ابھی یہ بحث تھمی نہیں تھی کہ جمعے کو اس منصوبے کی تختی نے موقع کی تاک میں بیٹھے پی ٹی آئی کے ناقدین کو وزیراعظم عمران خان پر تنقید کا جواز فراہم کر دیا۔
اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ  کسی بھی منصوبے کے سنگ بنیاد یا افتتاح کی تختی کوئی اچنبھے کی بات تو نہیں پھر اس تختی پر اعتراض کیوں کیا جا رہا ہے؟ تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ابھی دیامر بھاشا ڈیم کا تعمیراتی کام ہی شروع ہوا ہے اور یہ تختی 'تعمیراتی کام کا جائزہ' کرنے پر لگائی گئی ہے جس پر وزیراعظم عمران خان کا نام اور ان کے اس تعمیراتی مقام کا دورہ کرنے کی تاریخ جلی حروف میں لکھی ہے۔
کئی سوشل میڈیا صارفین اس تختی پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان پر تنقید کر رہے ہیں کہ وہ پہلے تو ان تختیوں اور تشہری مہم کے خلاف تھے اور اب جب حکومت میں ہیں تو اپنے نام کی تختیاں لگوا رہے ہیں۔ 

اسد ملک نامی صآرف نے لکھا کہ ایک تختی ہوتی ہے سنگ بنیاد کی اور ایک ہوتی ہے افتتاح کی، تعمیراتی کام کے جائزے کی تختی نئے پاکستان میں پہلی بار۔'

چوہدری حمزہ نامی صارف نے لکھا کہ 'یہ کیسی تختی لگی ہے پہلی بار دیکھا ہے جائزہ لینے والے کام کی بھی تختی لگ سکتی ہے۔'

ایک اور صارف علی خان یوسفزئی نے لکھا کہ 'خود تو ایک اینٹ نہیں لگا سکتے، ویژن ہی نہیں، دوسروں کے کاموں پر تختیاں لگانے کا اتنا شوق ہے کہ نواز شریف کے پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کے جائزے کے لیے گئے اور اس پر بھی تختی لگا دی۔'

صحافی فخر درانی نے لکھا کہ 'تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کی بھی تختی لگائی جاتی ہے؟ کم از کم میں نے اپنی پوری زندگی ایسا واقعہ نہیں دیکھا کہ کسی ملک کا وزیراعظم کسی منصوبے کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے جائے اور اس پر اپنی تختی لگا آئے۔ ایسا کام تو کوئی کونسلر بھی نہیں کرتا۔'

ایک اور صارف میاں اسرار عباس نے لکھا کہ 'ڈیم کی تعمیراتی مدت 8 سال ہے ۔ اگر ہر 3 ماہ بعد بھی تعمیراتی جائزہ ہو اور ہر جائزہ کی تختی لگے تو ڈیم کی تعمیر مکمل ہونے والے دن تک 32 تختیاں لگ چکی ہوں گی۔'

ابوعلیحہ نامی ٹوئٹر صارف نے چٹکلہ چھوڑا کہ 'وزیراعظم عمران خان نے آج وزیراعظم ہاؤس کے کچن کا اچانک دورہ کیا، باورچی کو چائے بناتے ہوئے دیکھتے رہے، موقع پر ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ ترجمان'
کچھ صارفین وزیراعظم عمران خان کے دفاع میں بھی تبصرے کرتے نظر آئے۔

نور پامیری کے نام سے ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ تختی تختی ہوتی ہے، افتتاح کی ہو یا جائزے کی۔'

شیئر: