Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وبا نے گُھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا‘، دنیا میں 6 لاکھ اموات

امریکہ میں ایک لاکھ 39 ہزار 426 افراد ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ 41 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور ہلاکتیں چھ لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
دوسری طرف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا نے ہمارے معاشرے کے ’کمزور ڈھانچے‘ کو عیاں کر دیا ہے، اور اس کی وجہ سے دنیا میں ایک 10 کروڑ افراد شدید غربت کا شکار ہو سکتے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے ’ہمیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا اور عالمی وبا نے واضح کر دیا ہے کہ ہماری دنیا کتنی کمزور ہے۔‘

 

ان کا کہنا تھا کہ ’کورونا وائرس ایک ایکسرے ہے جس نے ہمارے تعمیر کیے گئے معاشرے کے ڈھانچے کی دراڑیں عیاں کر دی ہیں۔‘
دوسری جانب برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق چین کے صوبے سنکیانگ کے دارالحکومت اُرمچی میں کورونا کے 16 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے بھر میں ’ہنگامی‘ صورت حال ہے اور سکریننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
حکومت نے تمام فلائٹس معطل کرنے کے علاوہ ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل سمیت تمام سفری راستوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ صحت کمیشن کے سربراہ ژانگ وی نے بتایا کہ وائرس کی بڑے پیمانے پر سکریننگ شروع ہو گی۔
اے ایف پی کے مطابق سپین میں سنیچر کے روز بارسلونا کی گلیاں خالی پڑی تھیں کیونکہ کیسز میں اضافے کے بعد لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
روئٹرز کے مطابق آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن نے تیزی سے بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث پارلیمنٹ کو کئی ہفتے تک نہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

برازیل میں 20 لاکھ 46 ہزار 300 سے زائد مریض موجود ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 41 لاکھ 4 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 5 لاکھ 97 ہزار 541 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ کورونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔ امریکہ میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 36 لاکھ 64 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 39 ہزار 426 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
امریکہ کے بعد برازیل کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 20 لاکھ 46 ہزار 300 سے زائد مریض موجود ہیں جبکہ 77 ہزار 851 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
امریکہ اور برازیل کے بعد انڈیا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک 10 لاکھ 38 ہزار 700 سے زائد افراد میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔ انڈیا میں وبا سے اب تک 26 ہزار 273 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

پیرو میں اب تک 3 لاکھ 45 ہزار 537 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

روس اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے جہاں 7 لاکھ 64 ہزار 200 سے زائد افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ روس میں 12 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
پیرو میں اب تک 3 لاکھ 45 ہزار 537 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 12 ہزار 800 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

شیئر: