Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فیصل بھائی آپ تو ’غدار‘ ثابت ہوگئے‘

فیصل اقبال کرکٹر جاوید میاں داد کے بھانجے ہیں (تصویر: فیس بک )
سوشل میڈیا کو جہاں غلط خبریں پھیلانے کا سب سے بڑا ذریعہ مانا جاتا وہیں اکثر آپ نے انہی غلط خبروں کی اصلیت بھی سامنے آتی دیکھی ہو گی۔ ایسا ہی کچھ ہوا کرکٹر فیصل اقبال کے ساتھ جن کو  اسرائیلی وزیر بنا دیا گیا۔
فیس بک صارف سعید اللہ نے ملالہ یوسفزئی کے ساتھ مشہور کرکٹر فیصل اقبال کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اسرائیلی وزیر دفاع کے بیٹے کے ساتھ  ملالہ یوسفزئی جو مستقبل میں پاکستانی قوم کی قیادت کریں گی۔‘
اس پوسٹ کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے سپورٹس اینکر پرسن نجیب الحسنین نے لکھا کہ ’واہ سعید صاحب آپ کی جہالت پر داد دینی پڑے گی کہ آپ نے فیصل اقبال کرکٹر کو اسرائیلی بنا دیا۔‘

کرکٹر فیصل اقبال نے خود اس پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں خود کو اسے بار بار شیئر کرنے سے نہیں روک پا رہا۔‘

ٹوئٹر صارف صدف نے لکھا کہ ’اگر یہ دعویٰ کرنے والے صاحب اسرائیل کی جگہ انڈیا لکھتے تو شاید ان کی بات بِک بھی جاتی، کیا اسرائیلی ایسے دکھتے ہیں؟ میں تو گوگل سرچ بھی نہیں کر سکتی نظروں میں آجاؤں گی۔‘

ٹوئٹر صارف عمران صدیقی نے لکھا کہ ’فیصل بھائی آپ غدار ثابت ہوگئے جس کے جواب میں فیصل نے لکھا اور لوگ خوشی سے پھولے نہیں سما رہے۔‘

جہاں کئی صارفین اس پوسٹ پر مزاحیہ کمنٹس کرتے نظر آئے وہیں اکثر نے سوشل میڈیا کو جھوٹی خبروں کی وجہ سے تنقید کا بھی نشانہ بنایا۔
ٹوئٹر صارف گلفام بٹ نے لکھا کہ ’بالکل اس طرح ہی سوشل میڈیا جھوٹی اور بے بنیاد خبریں بھیلاتا ہے اور لوگوں کی زندگی خراب کرتا ہے۔‘

فیصل اقبال نے ماضی میں کئی مرتبہ انکشاف کیا کہ ‘’جاوید میاں داد کا بھانجا ہونے کی وجہ سے میرا انٹرنیشنل کیریئر مختصر ہوا اور مجھے ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ اپنے ماموں کی وجہ سے قومی ٹیم میں آیا ہوں۔‘
فیصل اقبال کو کرکٹ کا تجربہ ہونے کے باوجود اکثر ایسے الزامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کرکٹر فیصل اقبال نے کچھ  دیر بعد اسی صارف کی ایک اور پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ان کا سافٹ وئیر اپڈیٹ ہو گیا ہے‘ اس سکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سعید اللہ نے ملالہ یوسفزئی اور فیصل اقبال کی وہی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہو اتھا ’کیا آپ جانتے ہیں یہ کون ہیں۔‘

 

شیئر: