Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’موسیقی کی سرحد نہیں‘، گلوکار عمران خان کی سدھو موسے والا کے والدین سے ملاقات

مئی 2022 میں پنجاب کے ضلع مانسہ میں سدھو موسے والا کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا
پاکستانی نژاد ڈچ گلوکار عمران خان نے انڈیا کے مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے ضلع مانسا میں واقع آبائی گاؤں میں ان کے والدین سے ملاقات کی۔
پاکستانی نژاد اور ڈچ گلوکار عمران خان ’ایمپلی فائر‘، ’چیونگ گم چبا کے‘ سمیت دیگر گانوں کی وجہ سے خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ سدھو موسے والا کے کم سن بھائی شبھدیپ سنگھ سدھو کو گود میں اٹھائے نظر آتے ہیں۔
عمران خان کا یہ دورہ ’چھوٹے سدھو‘ کی پیدائش کے بعد کیا گیا ہے، جس سے قبل گورداس مان، گل راؤنٹا، جسوندر برار اور ہوبی ڈھالیوال سمیت کئی معروف شخصیات خاندان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ان کے گھر جا چکی ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر گلوکار کو سدھو موسے والا کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہونے اور جذباتی خراجِ عقیدت پیش کرنے پر سراہا جا رہا ہے۔
صارفین اس دورے کی تعریف کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
انسٹاگرام پر ایک صارف سونو بدو نے تصویر کے کمنٹس میں لکھا ہے کہ ’ بھائی، یقین نہیں آ رہا ہے کہ اتنا بڑا گلوکار سدھو کے گھر میں موجود ہے۔ جبکہ نو دیپ شرما لکھا ہے ’موسیقی کی کوئی سرحد نہیں۔‘
کئی صارفین ’چھوٹے سدھو‘ کی شکل و صورت کا موازنہ سدھو موسے والا سے کر رہے ہیں اور انہیں ایسا لگ رہا ہے کہ ’سدھو واپس آ گیا ہے۔‘ جبکہ ایک صارف نے سدھو موسے والا کے مشہور گانے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے ’دل دا نئیں ماڑا۔۔۔ تیرا سدھو موسے والا۔‘

شیئر: