Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایگزٹ ری انٹری پر جا کر دوسرے ویزے پر واپسی ممکن ہے؟

عودہ پروگرام میں وزٹ ویزے والے بھی رجسٹر ہوسکتے ہیں (فوٹو سوشل میڈیا)
کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی عرب میں بین الاقوامی پروازیں تاحال بحال نہیں ہوئیں جس کی وجہ سے وہ تارکین جو چھٹی پر گئے ہوئے تھے ابھی تک مملکت واپس نہیں آ سکے تاہم وہ افراد جو مملکت سے جانا چاہتے ہیں ان کی روانگی کا سلسلہ خصوصی پروازوں کے ذریعے جاری ہے۔
قارئین اردو نیوز کی جانب سے اپنی مشکلا ت کے حل اور معلومات کے لیے مختلف حوالوں سے سوالات ارسال کیے جا رہے ہیں۔
 ایک سوال یہ موصول ہوا ہے کہ 'میری فیملی وزٹ ویزے پر سعودی عرب میں ہے۔ ویزا تجدید کے بعد 270 دن تک تھا جو 5 اگست کو ختم ہوگا۔ اب عید کی تعطیلات ہو جائیں گی ایسے میں کیا کریں؟'
جواب: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے مملکت آنے والے ان غیر ملکیوں کو جو وزٹ ویزے پر آئے ہیں اور موجودہ حالات میں کورونا وائرس کی وجہ سے عائد سفری پابندیوں کے باعث اپنے ملکوں کو نہیں جاسکے خصوصی رعایت کا اعلان کیا گیا ہے جس سے آپ بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔
شاہی رعایت میں کہا گیا ہے کہ وہ افراد جو وزٹ ویزے پر مملکت میں مقیم ہیں ان کے ویزوں کی مدت میں 3 ماہ کی توسیع کر دی جائے گی۔
ویزوں میں توسیع کے حوالےسے کہا گیا ہے کہ محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ’نیشنل ڈیٹا بیس سینٹر‘ کے تعاون و اشتراک سے تمام معاملات کو خود کار طریقے سے انجام دے گا۔ ایسے میں ویزوں کی مدت میں بھی خود کار طور پر توسیع ہوجائے گی۔
وطن واپسی کے لیے سعودی حکومت کی جانب سے ’عودہ‘ یعنی واپسی کے عنوان سے خصوصی پروگرام کورونا وائرس کی وبا سے سفر پر عائد پابندیوں کے دوران شروع کیا گیا ہے جو تاحال جاری ہے۔عودہ پروگرام کے تحت وزٹ ویزے پر آنے والے بھی رجسٹرکراسکتے ہیں جس سے آپ کو یہ سہولت ہو گی کہ جوں ہی آپ کی فلائٹ کنفرم ہوگی آپ کو اطلاع فراہم کردی جائے گی اور اپ ٹکٹ خرید کر واپس جا سکتے ہیں۔

خروج وعودہ پر جاکر واپس نہیں آتے تو بلیک لسٹ ہو جائیں گے (فوٹو: سوشل میڈیا)

واپس جانے کے لیے دوسری صورت پی آئی اے سے ٹکٹ خرید کر قریب ترین فلائٹ میں بکنگ کرا لیں اور وقت مقررہ پر روانہ ہوجائیں۔
سہیل احمد کا سوال ہے کہ ’مجھے اقامہ پر آئے ہوئے 3 برس ہو چکے ہیں ، کیا میں خروج وعودہ پر واپس جا سکتا ہوں تاکہ نئے ویزے پر دوبارہ آ سکوں، براہ مہربانی رہنمائی کریں؟
جواب: جناب سب سے پہلے تو اس امر کو سمجھیں کہ آپ کی حیثیت قانونی مقیم کی ہے۔ آپ خروج وعودہ پر جا کر اسی ویزے کے بجائے دوسرے ویزے پر آنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو غیر قانونی ہے۔ اگر آپ خروج وعودہ پر جا کر واپس نہیں آتے تو آپ قانون کے مطابق بلیک لسٹ ہو جائیں گے اور آئندہ 3 برس کے لیے آپ کسی ویزے پر مملکت ہی نہیں بلکہ خلیجی ممالک میں نہیں آ سکیں گے۔
جب آپ اقامے پر ہی مقیم ہیں تو بہتر ہے کہ آپ جس نئے ویزے پر آنے کے خواہشمند ہیں اسی کمپنی یا کفیل کے پاس ہی تنازل یعنی کفالت کی تبدیلی کرالیں کیونکہ آپ مملکت میں قیام کی قانونی مدت جو کہ نقل کفالہ کے لیے درکار ہوتی ہے بھی گزار چکے ہیں اس لیے بہتر یہی ہو گا کہ آپ تنازل کرا لیں۔

 دوسرے ویزے پر آنا ہے تو بہتر ہے کہ خروج نہائی حاصل کریں (فوٹو ایس پی اے)

اگر آپ خروج وعودہ پر جاتے ہیں تو 3 برس سے قبل کسی دوسرے ویزے پر مملکت نہیں آ سکیں گے۔ اگر آپ کو دوسرے ویزے پر ہی آنا ہے تو بہتر ہے کہ آپ خروج نہائی حاصل کریں کیونکہ قانونی طور پرواپس جانے والوں کے لیے دوسرے ویزے پر آنے کی پابندی نہیں ہوتی اس صورت میں آپ جب بھی چائیں دوسرے ویزے پر مملکت آ سکتے ہیں۔
یہاں ایک اور امر کا خیال بھی رکھیں کہ موجودہ صورتحال میں مملکت آنے کے لیے پروازوں پر پابندی برقرار ہے۔ اس بارے میں حتمی طور پر کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہو گا کہ پروازیں کب بحال ہوں گی اس صورت میں بھی آپ خروج وعودہ پر جا کرفوری طور پر نہیں آسکیں گے۔

شیئر: