Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی سے خدمات واپس لے لیں

ضیا الرحمن کو خیبر پختونخوا حکومت کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے (فوٹو: روئٹرز)
وفاقی حکومت نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے بھائی ضیا الرحمٰن کی خدمات سندھ سے واپس لے لی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے پیر کے روز جاری کیے جانے والے نوٹیفیکشن کے مطابق ضیا الرحمٰن کو خیبر پختونخوا حکومت کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 
اس سے قبل سندھ حکومت نے مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی کو کراچی میں ڈپٹی کمشنر سنٹرل ڈسٹرکٹ تعینات کیا تھا جس پر سندھ میں حزب اختلاف کی جماعتیں ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
ضیا الرحمٰن اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ضلع خوشاب کے بھی  ڈپٹی کمشنر رہ چکے ہیں۔ 
ضیا الرحمٰن متحدہ مجلس عمل کے دور حکومت تک صوبہ خیبر پختونخوا میں پاکستان ٹیلی کمیونیکشن لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) میں گریڈ 17 کے ملازم تھے بعد ازاں  وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اکرم خان درانی نے انہیں ایڈیشنل کمشنر افغان مہاجرین تعینات کر دیا تھا۔
2007  میں گورنر خیبرپختونخوا على محمد جان اوركزئی نے ضیا الرحمٰن کو صوبائی سول سروس میں ضم کرنے کے احکامات جاری کیے جس کے بعد انھیں پروینشل منیمجمنٹ سروس میں گریڈ 17 میں تعینات کیا گیا۔ اس کے بعد وہ وفاق اور دیگر صوبوں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات رہے ہیں۔
 

شیئر: