Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ایک دن میں 50 ہزار سے زائد نئے کورونا کیسز

انڈیا کے مختلف علاقوں میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
انڈیا میں ایک دن میں کورونا کے 50 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس پر ملک میں وبا کے پھیلاؤ کی صورت حال کے بارے میں تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔
وزرات صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 52 ہزار 123 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد پونے 16 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 775 افراد کووڈ 19 کے باعث انتقال کر گئے ہیں اور مجموعی تعداد 34 ہزار 968 ہو چکی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ کیسز مہاراشٹر، آندھرا پردیش، تمل ناڈو اور اتر پردیش میں دیکھے گئے ہیں جبکہ اس دوران سب سے زیادہ اموات مہاراشٹر، کرناٹک، تمل ناڈو، آندھرا پردیش اور مغربی بنگال سے رپورٹ کی گئی ہیں۔

 

دریں اثنا یہ رپورٹ آ رہی ہے کہ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ کے بعد مزید رکن اسمبلی کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں جن میں سے سات بی جے پی کے رکن اسمبلی ہیں اور دو کانگریس کے۔
ادھر اترپردیش کے شہر ایودھیا میں رام مندر کے لیے بھومی پوجن یعنی زمین کی پوجا کی تیاریاں زور و شور پر ہیں۔ یہ تقریب محدود پیمانے پر 5 اگست کو ہونی ہے جس میں وزیراعظم نریندر مودی کی شرکت بھی متوقع ہے۔
ادھر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما اور رکن پارلیمان اسد الدین اویسی کا کہنا ہے کہ اس میں شرکت سے وزیر اعظم اپنے حلف کی خلاف ورزی کریں گے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس پوجا میں شرکت کرنے والے ایک اہم پجاری کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ وہاں تعینات 16 پولیس اہلکار بھی پازیٹو پائے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر یہ بحث جاری ہے کہ اس وقت حکومت کی ترجیح رام مندر ہونی چاہیے یا کورونا سے لڑنے کے لیے ہسپتال۔ اس معاملے پر بھی صارفین کی آرا منقسم ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں