Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ کے لیے پروازیں، ٹکٹ پی آئی اے کا لیکن جہاز غیر ملکی

'مسافر متبادل ذریعے سے براہ راست پاکستان اور لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے درمیان سفر کر سکیں گے۔' فائل فوٹو: روئٹرز
پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز ( پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے جزوی فلائیٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 
جمعرات کو پی آئی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 'مسافر متبادل ذریعے سے براہ راست پاکستان اور لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے درمیان سفر کر سکیں گے۔' 
خیال رہے کہ وفاقی وزیر ہوا بازی کی جانب سے پاکستان میں پائلٹس کے جعلی لائسنسز رکھنے کے بیان کے بعد برطانیہ سمیت یورپ اور امریکہ میں پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ 
ترجمان پی آئی اے عبد اللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ 'پی آئی اے کا ایک غیر ملکی فضائی کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پایا ہے جس کے بعد اب پاکستان سے برطانیہ کے تین شہروں کے لیے پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔'
ترجمان کے مطابق' ان پروازوں کا ائیر سائین اور ٹکٹ پی آئی اے کا ہوگا جبکہ جہاز اور فلائیٹ عملہ غیر ملکی کمپنی کا ہوگا۔' 
پی آئی اے کا ایک یورپئین کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پایا ہے تاہم اس معاہدے کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔ ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ 'فی الحال جزوی طور پر آپریشن بحال کیا جا رہا ہے اور محدود مدت کا معاہدہ طے پایا ہے تاہم آئندہ آنے والے دنوں میں کمپنی آپریشن بحال کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرے گی' 
پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن کی بحالی کا سلسلہ 14 اگست سے ہوگا تاہم پروازوں کے اوقات کار کا اعلان عید الاضحی کی چھٹیوں کے فوراً بعد کر دیا جائے گا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں