Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے ایک ہزار 258 نئے کیسز، 32 افراد ہلاک

گذشتہ ایک دن میں ملک میں کورونا سے مزید 32 اموات ہوئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر تین اگست کو ایک ہزار 258 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 80 ہزار 93 تک پہنچ گئی ہے۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 سے ایک ہزار 972 افراد صحت یاب ہوئے جب کہ اس وبائی مرض سے 2 لاکھ 42 ہزار 53 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کا تناسب 85 فیصد سے زیادہ ہو گیا ہے۔ 
 سعودی عرب کے مختلف شہروں میں اس وقت کورونا کے ایکٹوکیسز 35 ہزار 91 ہیں جس میں دو ہزار 17 انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ گذشتہ روز کورونا سے مزید 32 اموات ہوئی ہیں۔ مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد دو ہزار 949 ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ کورونا کے مریض ریاض میں سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 89 ہے، جبکہ الھفوف میں 75، دمام 65 ، مکہ مکرمہ 54، مدینہ منورہ 51، جدہ 50، بریدہ 45، طائف 33، ینبع 31، المبرز38، ابہا 31 اور تبوک 26 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

21 شہروں میں کووڈ 19 کا ایک، ایک کیس ریکارڈ کیا گیا (فوٹو: سبق)

21 شہروں میں کووڈ 19 کا ایک، ایک کیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ 18 شہروں میں مریضوں کی تعداد دو دو، 9 شہروں میں تین تین اور 13 شہروں میں کورونا وائرس کے چار چار مریضوں کی تصدیق ہوئی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔ سماجی فاصلے کے اصول کو کسی بھی حالت میں فراموش نہ کریں کیونکہ کورونا سے بچاؤ کے لیے یہ انتہائی اہم ضابطہ ہے جس پر عمل کر کے اس مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

شیئر: