Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلا ٹیسٹ: 16 رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان

دوسرا ٹیسٹ 13 سے 17 اگست تک ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سریز کا پہلا ٹیسٹ میچ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ سٹیڈیم میں بدھ  پانچ اگست سے شروع ہورہا ہے جس کے لیے دونوں ٹیمیں پرجوش نظر آ رہی ہیں۔
دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ 13 سے 17 اگست تک ساؤتھمپٹن میں اور تیسرا ٹیسٹ بھی 21 اگست سے 25 اگست تک ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔
ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے لیے انگلینڈ نے اپنی اس ٹیم کو برقرار رکھا ہے جس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی سمیٹی ہے۔
پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے قومی سیلیکٹر ایڈ سمتھ کا کہنا تھا کہ ’ویسٹ انڈیز کے خلاف یکے بعد دیگرے تین میچوں کے بعد ہم پاکستان کے خلاف اتنی ہی مصروف کرکٹ کھیلنے جا رہے ہیں جس میں تین ہفتے کے دوران پندرہ دن ٹیسٹ کرکٹ کھیلی جائے گی۔ ہماری 14 رکنی ٹیم برقرار رکھی گئی ہے۔‘
پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے انگلش سکواڈ میں جوروٹ (کپتان)، جیمز اینڈرسن، جوفرا آرچ، ڈومینک بیس، سٹیورٹ براڈ، روری برنس، جوز بٹلر، زیک کرالر، سیم کرن، اولی پوپ، ڈوم سبلے، بین سٹوکس، کرس ووکس اور مارک وڈ شامل ہیں۔
جیمز بریسے، بین فوکس، جیک لیچ، ڈین لارنس کو ریزر کھلاڑیوں کے طور پر رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب منگل کے روز پاکستان نے بھی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے سولہ رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم میں اظہر علی، بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، فواد عالم، امام الحق، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، سرفراز احمد شاداب خان، شاہین شاہ، شان مسعود سہیل خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
قبل ازیں 27 جولائی کو پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 20 رکنی سکواڈ شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔

ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ وہ ٹیم کی تیاری سے مطمن ہیں (فوٹو: پی سی بی)

انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیسٹ سکواڈ میں اظہر علی(کپتان)، بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، امام الحق، عمران خان سینئر، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان، عثمان، وہاب ریاض اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے پیر کو کہا کہ ’اگر ہم نے اپنی صلاحیت کے مطابق اچھی کرکٹ کھیلی تو ہمارے پاس جیتنے کا اچھا موقع ہے۔‘
مصباح الحق نے میڈیا سے آن لائن گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ٹیم کی تیاری کے حوالے سے مطمئن ہوں۔‘  مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کو بھی دیکھا ہے، جس سے ہمیں اپنی حکمت عملی ترتیب دینے میں آسانی رہے گی اور جس فارم میں ٹیم ہے اس کو دیکھتے ہوئے پرامید ہوں کہ ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی۔

پاکستان نے آخری مرتبہ 2010 میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا (فوٹو: پی سی بی)

پاکستان نے آخری مرتبہ 2010 میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا، اس سیریز کے دوران ہی سپاٹ فکسنگ کا کیس سامنے آیا اور پاکستانی کرکٹرز کو سزائیں ہوئیں۔
کورونا وائرس کے باعث تقریباً گزشتہ چار ماہ سے منقطع بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں۔ وبا کے باعث دنیا کے دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کی سرگرمیاں بھی ماند پڑ گئی تھیں۔

شیئر: