Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں بارش، پائپ گرنے سے متعدد گاڑیاں تباہ

متاثرہ گاڑیوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ انکانقصان پورا کیا جائے۔ (فوٹو: سبق نیوز)
مکہ میں ہونے والی بارش سے زیر تعمیر عمارت پرسہارے کے لیے لگائے جانے والے پائپ (سقالے) گرنے سے متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق مکہ کے علاقے الشوقیہ میں ایک معروف سپر مارکیٹ کے فرنٹ کی مرمت و آرائش کےلیے سہارے کے لیے فولڈنگ پائپ لگائے گئے تھے جس پر کھڑے ہو کر کارکن مارکیٹ کے فرنٹ پر ماربل فکس کرتے تھے۔
فولڈنگ پائپ تیز ہوا کو برداشت نہ کر سکے جس سے وہ اکھڑ گئے اورنیچے کھڑی متعدد گاڑیوں پر گرگئے جس کی وجہ سے گاڑیاں جزوی طور پرتباہ ہو گئیں۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ (فوٹو: سبق نیوز)

پائپ گرنے سے متعدد گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہو گئے جبکہ بعض گاڑیوں کے چھت بھی لوہے کے پائپوں سے متاثر ہوئی۔
ٹریفک پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کر کے مقدمہ درج اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ اس امر کی تفتیش کی جارہی ہے کہ مارکیٹ کے فرنٹ کی آرائش سے قبل احتیاطی تدابیر اختیار کیوں نہ کی گئیں۔
متاثرہ گاڑیوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ اس کی ذمہ داری مارکیٹ پر ہو گی کیونکہ ہم مارکیٹ میں خریداری کرنے آئے تھے اب یہ مسئلہ مارکیٹ انتظامیہ کا ہے کہ وہ ہمارا نقصان خود پورا کرتی ہے یا ٹھیکدار پر ڈالتی ہے۔
واضح رہے جمعرات کی سہہ پہر مکہ کے بیشتر علاقوں میں کہیں تیز جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی تاہم تیز ہوا کی وجہ سے علاقے میں بعض مقامات پر سائن بورڈ بھی گرگئے جبکہ کہیں درختوں کے اکھڑنے کی بھی اطلاع ملی۔

شیئر: