Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانچ وجوہات جن کی بنا پر پالک کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں

غذئیت سے بھرپور پالک صحت مند زندگی کے لیے ضروری ہے (فوٹو: ان سپلیش)
اگر آپ ایسی خوراک چاہتے ہیں جو غذائیت سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ مہنگی بھی نہ ہو تو پالک سے بہتر کوئی اور چوائس نہیں ہے۔
ماہر غذائیات اور پرسنل ٹرینر ڈیونڈر بینز ان تمام سپر فوڈز کے بارے میں بتاتی رہتی ہیں جو صحت مند اور طویل زندگی گزارنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ڈیونڈر بینز کا کہنا ہے کہ پالک ایسی خوراک ہے جو پھلوں کے ساتھ شامل کر کے سمودی بنانے کے کام آسکتی ہے، گوشت کے ساتھ سائیڈ ڈش کے طور پر کھائی جا سکتی ہے، یا پھر علحیدہ سے پالک کا سالن بھی تیار کیا جا سکتا ہے۔
پالک کے بے تحاشا فوائد میں سے چند ڈیونڈر بینز نے گنوائے۔

آنکھوں کی صحت کے لیے فائدہ مند

پالک میں ایسے اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہیں جو آنکھوں کو سورج کی روشنی سے پہنچنے والے نقصان سے محفوظ رکھتے ہیں۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس آنکھ میں موجد میکیولا کو بھی تنزلی سے بچاتے ہیں۔ میکیولا آنکھ کے پردے کا وہ حصہ ہے جس پر دیکھنے کی صلاحیت کا انحصار ہے، اور جس کی تنزلی ہی بڑی عمر کے لوگوں میں نظر چلے جانے کی وجہ بنتی ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس کیٹاریکٹ یا سفید موتیا کے آنکھوں میں اترنے سے بھی بچاتے ہیں۔

کسی بھی پھل کے ساتھ پالک ملا کر سمودی بنائی جا سکتی ہے (فوٹو: ان سپلیش)

حاملہ خواتین کے لیے مفید

پالک میں فائبر یا سیلولوز، وٹامن سی، وٹامن کے، وٹامن اے، کیلشیئم، آئرن، فولیٹ اور پوٹاشیئم کثرت سے موجود ہیں۔ غذائیت سے بھرپور ہونے کے باعث پالک کو حاملہ خواتین کے لیے سب سے مفید خوراک سمجھا جاتا ہے۔
پالک میں ایسے اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو قوت مدافعت بڑھانے میں کام آتے ہیں۔ حاملہ خواتین میں ایک عمومی مسئلہ قبض کا ہوتا ہے جو پالک کھانے سے حل ہو سکتا ہے۔

خون گاڑھا ہونے سے بچائے

وٹامن کے ون جو ہڈیوں کی نشوونما کے لیے انتہائی ضروری ہے، پالک کا ایک پتہ اس وٹامن سے اس قدر لیس ہوتا ہے کہ پورے دن کی بیشتر ضرورت کو پورا کر دیتا ہے۔
وٹامن کے ون خون میں موجود سفید سیلز کو موثر طریقے سے جمنے یا گاڑھا ہونے میں مدد دیتی ہے جس سے زخمی ہونے کی صورت میں خون ضرورت سے زیادہ نہیں بہتا۔
تاہم اگر کوئی شخص خون کو پتلا کرنے والی ادویات لے رہا ہے تو وہ اپنی خوراک میں پالک کی مقدار بڑھانے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کرے۔

پالک میں موجود اننٹی آکسیڈنٹس اور وٹامنز جسم کی نشوونما کے لیے اہم ہیں (فوٹو: ان سپلیش)

صحت مند دانت

پالک جیسے سپر فوڈ میں ’کیٹی نوئیڈز‘ کثرت سے پائے جاتے ہیں جو ہمارے جسم میں داخل ہو کر وٹامن اے میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ مسوڑوں کو صحت مند رکھنے اور دانتوں کی بیرونی تہہ یعنی اینامل کی تقویت کے لیے وٹامن اے کا اہم کردار ہے۔
پالک میں موجود کیلشیئم اینامل اور جبڑے کی ہڈی کو مضبوط کرنے میں مدد دیتی ہے۔ کیلشیئم ویسے بھی ہڈیوں کے لیے انتہائی مفید ہے۔
پالک میں موجود وٹامن ڈی، فائبر، پوٹاشیئم، میگنشیئم اور وٹامن سی ہڈیوں کی صحت کے لیے مفید سمجھے جاتے ہیں۔

بالوں کی نشوونما کے لیے اہم

پالک میں وٹامن اے کی موجودگی بالوں میں چمک پیدا کرتی ہے اور بالوں کی نشوونما کے لیے مفید ہے۔ وٹامن اے بالوں کو گرنے سے بچانے کے بھی کام آتی ہے۔ جسم کے تمام ٹشوز کی نشوونما اور صحت مند جلد کے لیے بھی وٹامن اے ضروری ہے۔

شیئر: