فالکنر اینڈ ہنٹنگ ایگزیبشن: سعودی ایئرپورٹس پر مسافروں کے پاسپورٹ پر خصوصی مہر
اتوار 4 اکتوبر 2026 19:55
خصوصی مہر کا مقصد ایگزیبیشن کا اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت داخلہ کے تجت جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ نے نیشنل سینٹر فار فالکنز کے تعاون نے ریاض میں انٹرنیشنل فالکنر اینڈ ہنٹنگ ایگزیبشن 2026 کے موقع پر خصوصی امیگریشن مہر جاری کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، دمام کے کنگ فہد ایئرپورٹ اور الشرقیہ ریجن میں بارڈر کراسنگ کے ذریعے مملکت میں داخل ہونے والے مسافروں کے پاسپورٹ پر خصوصی مہر لگائی جا رہی ہے۔
خصوصی مہر کا مقصد وزیٹرز کے تجربے کو بہتر بنانا اور ایگزیبیشن کا اہمیت کو اجاگر کرنا ہے جو مملکت کے نمایاں ایونٹس میں سے ایک ہے۔
انٹرنیشنل فالکنراینڈ ہنٹنگ ایگزیبشن 10 اکتوبر تک ریاض کے شمال میں واقع ملہم کے انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں جاری رہے گی۔
ایگزیبشن ایک ہزار 97 مربع میٹر رقبے پر منعقد کی جا رہی ہے۔ 20 ملکوں کے 254 نمائش کنندگان اور برانڈز شریک ہیں۔ دس روزہ انٹرنیشنل ایونٹ میں باز اور شکار کے ساتھ سفاری، مہم جوئی، تفریحی اور کاروباری سرگرمیاں شامل ہیں۔

ایونٹ میں مستقبل کے فالکنرز، شلایل میوزیم، سفاری، سمندری شکار، فور وہیل ڈرائیو، تیراندازی، شوٹنگ، ہائیکنگ اور مختلف پہاڑی سرگرمیوں سمیت متعدد پروگرام شامل ہیں۔
یاد رہے سال 2025 میں ہونے والے ایونٹ میں سات لاکھ سے زیادہ افراد نے شرکت کی جبکہ 47 ممالک کے 1400 سے زائد نمائش کنندگان اور برانڈز شریک ہوئے۔ 9 کروڑ دس لاکھ ریال سے زیادہ کی خریداری کی گئی۔
