Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 مریض کی لاپرواہی سے نرس بھی کورونا میں مبتلا

مریض کو اٹھانے کی جدوجہد کے دوران اس کا ماسک گرگیا (فوٹو، سوشل میڈیا)
ریاض کے شاہ سلمان ہسپتال میں کورونا کے مریض کی بے احتیاطی اور ہدایات پر عمل نہ کرنے سے میل نرس بھی کووڈ19 کا شکار ہوگیا۔
مقامی جریدے ’عکاظ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ریاض کے شاہ سلمان ہسپتال میں کورونا وارڈ میں خدمات انجام دینے والے میل نرس محمد القرنی نے بتایا کہ کورونا کے ایک زیر علاج مریض کوہدایت کی تھی کہ خصوصی احتیاط برتی جائے اور کسی بھی حالت میں بیڈ سے نہ اٹھے۔
نرس نے مزید کہا ’مریض کو واضح طور پر کہا تھا کہ اگر رفع حاجت کے لیے بیت الخلا بھی جانا ہوتو مدد کےلیے عملے کو طلب کرے ، مگر مریض نے ہدایات پرعمل نہیں کیا اور خود ہی بیت الخلا چلا گیا‘۔

مریض کو ہدایت کی تھی کہ کسی بھی حالت میں تنہا بیڈ سے نہ اترے (فوٹو، سوشل میڈیا)

’مریض انتہائی کمزوری کا شکار تھا جس کی وجہ سے وہ  گرگیاجس پر میں فوری طور پر اسکی مدد کے لیے پہنچا۔ مریض کو اٹھانے کی جدوجہد کے دوران اس کا ماسک گرگیا تاہم اسے اٹھا کر بیڈ پرلٹادیا۔‘
محمد القرنی نے مزید کہا کہ ’اگرچہ مریض کو بیڈ پر پہنچانے کے بعد میں نے احتیاطی تدابیر اختیارکی مگر واقعے کے تیسرے دن مجھے مرض کی علامت محسوس ہوئی جس پر میں نے کورونا ٹیسٹ کرایا تو وہ مثبت آیا۔‘
میل نرس القرنی نے مزید کہا کہ ’کورونا مثبت آنے پر میراعلاج کیا گیا تاہم اب میں مکمل طور پر صحتیاب ہوچکا ہوں اور اپنی ذمہ داریاں حسب سابق ادا کررہا ہوں۔‘

شیئر: