Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویتی وزیر خزانہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسترد

پارلیمنٹ کے 32 ارکان نے تحریک عدم اعتماد کی مخالفت کی۔ ( فوٹو کونا)
کویتی پارلیمنٹ نے وزیر خزانہ براک الشیتان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اکثریت سے مسترد کردی ہے۔  
کویتی جریدے القبس کے مطابق بدھ کو وزیر خزانہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوئی۔ ہر رکن پارلیمنٹ سے تحریک کے بارے میں رائے پوچھی گئی۔
پارلیمنٹ کے اجلاس میں موجود 47 ممبران میں سے بارہ نے تحریک کے حق میں ووٹ دیا جبکہ تین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ 32 نے تحریک عدم اعتماد کی مخالفت کی۔ 
کویتی پارلیمنٹ کے اجلاس میں ووٹنگ سے قبل گرما گرم  بحث ہوئی بعدا زاں تحریک پر ووٹنگ کا فیصلہ کیا گیا تھا-  

تحریک پیش کرنے والے ارکان کو بولنے کا موقع دیا گیا( فوٹو کونا)

سپیکر مرزوق الغانم نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل تحریک پیش کرنے والے دو ممبران پارلیمنٹ مبارک  الحجرف اور ریاض العدسانی جبکہ تحریک عدم اعتماد کے مخالف دو ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر عادل الدمخی اور محمد ھایف کو بولنے کا موقع دیا۔
تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والوں میں الحرف اور العدسانی کے علاوہ راکان النصف، عمر اطبطبائی، صفا الہاشم ، صالح عاشور، علیل الصالح،  خالد الشطی، احمد الفضل اور صلاح خورشید بھی شامل تھے۔ 
کویتی پارلیمنٹ کے داخلی ضابطے کی دفعہ  144 کے بموجب کسی بھی وزیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پاس کرانے کے لیے ارکان پالرلیمنٹ کی اکثریت کی حمایت ضروری ہے۔ عدم اعتماد کی ووٹنگ میں وزرا کو ووٹ دینے کا حق نہیں خواہ وہ رکن پارلیمنٹ ہوں یا نہ ہوں۔  
کویتی پارلیمنٹ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے پر سات دن سے قبل فیصلہ جاری کرنے کی مجاز نہیں ہے۔ 

شیئر: