Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانچ آؤٹ ،انگلش باؤلرز کے آگے پاکستانی بیٹسمین بے بس

پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ساؤتھمپٹن میں جاری ہے اور اب سے کچھ دیر پہلے تک  پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 121رنز بنا لیے ہیں۔
اس وقت کریز پر بابر اعظم اور محمد رضوان  موجود ہیں ۔پاکستان کی بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکل کا شکار ہے۔
دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا  اور تیسرے ہی اوور میں اوپنر شان مسعود ایک رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد آنے والے کھلاڑی کپتان اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھر سکے اور 20 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی بال پر روری برنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔
اوپنر آنے والے عابد علی نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 60 رنز بنائے اور برنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اسد شفیق صرف پانچ رنز بنا کر براڈ کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
دس سال بعد ٹیم میں جگہ بنانے والے فواد عالم بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔
 

 

انگلینڈ کے ہاتھوں مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میدان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں تین وکٹوں کی شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ساؤتھمپٹن میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شاداب خان کی جگہ فواد عالم کو شامل کیا ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں بین سٹوکس اور آرچر کی جگہ زیک کراولے اور سیم کرن کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم پہلی بار سائوتھمپٹن میں ٹیسٹ کھیلے گی۔
انگلینڈ کی ٹیم نے کپتان جوئے روٹ کی قیادت میں مسلسل چھ ٹیسٹ میچوں میں فتح حاصل کی ہیں جبکہ ان کی قیادت میں انگلش ٹیم اب تک کل 23 ٹیسٹ میچ جیت چکی ہے۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں مانچسٹر میں پاکستان کے ناتجربہ کار بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی تھی تاہم آخری اننگز میں جیتا ہوا میچ پریشر برداشت نہ کرنے کی وجہ سے ہار دیا۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن نے سوائے پہلی اننگز کے شان مسعود کی سنچری کے، نے مایوس کن کارکردگی دکھائی۔ کپتان اظہر علی، اسد شفیق، عابد علی اور محمد رضوان دونوں اننگز میں مجموعی طور پر صرف 126 رنز بنا سکے۔
پہلا ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد اظہر علی کی کپتانی پر بھی سوالات اٹھنا شروع ہوئے ہیں۔
پاکستان کی بولنگ لائن میں یاسر شاہ کے علاوہ دیگر کھلاڑی نئے اور ناتجربہ کار ہیں۔
دوسری جانب انگلینڈ کے دونوں فاسٹ بولرز جیمز اینڈرسن اور سٹورٹ براڈ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہزار سے زائد وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

شیئر: