Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہو سکتا ہے ترکی امارات کے ساتھ تعلقات منقطع کر لے‘

ترک وزیر خارجہ کے مطابق اس معاہدے نے مشرق وسطیٰ کی سیاست کو بدل کر رکھ دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدے پر ان کا ملک امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کرنے اور اپنے سفیر کو واپس بلانے پر غور کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعے کو ترکی کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس طرح کا معاہدہ کرنے پر تاریخ امارات کے ’منافقانہ رویے‘ کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ان کے مطابق اس معاہدے نے مشرق وسطٰی کی سیاست کو بدل کر رکھ دیا ہے۔
امریکہ کی معاونت سے طے پانے والے اس معاہدے کے تحت اسرائیل نے رضا مندی ظاہر کی ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں کے الحاق کا منصوبہ معطل کر دے گا۔

 

 تاہم فلسطینی رہنماؤں نے اس معاہدے کی مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی تحریک کی ’پشت میں چُھرا گھونپنے‘ کے مترادف قرار دیا ہے۔
طیب اردوان نے کہا کہ ’فلسطین کے خلاف کیے جانے والے اس اقدام کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ اب فلسطین یا تو اپنا سفارت خانہ بند کر رہا ہے یا عملے کو واپس بلا رہا ہے۔ ہمارے لیے بھی اب یہ ہی آپشن ہے۔‘
جمعے کو میڈیا کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزیر خارجہ کو احکامات دے دیے گئے ہیں۔ ‘میں نے ان سے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ ہم بھی اس سلسلے میں ابو ظبی کی قیادت کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کرنے یا اپنے سفارت کار کو واپس بلانے کا اقدام کریں۔'
ترک وزارت خارجہ نے اس سے قبل کہا تھا کہ فلسطین کا اس معاہدے کو رد کرنا ان کا حق ہے کیونکہ اس سے یو اے ای نے ان کے مشن کو ’دھوکہ‘ دیا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق ’تاریخ اور خطے کے لوگوں کا شعور اس منافقانہ رویے کو بھولے گا اور نہ ہی معاف کرے گا۔‘

ترکی اور اسرائیل کے درمیان کئی برسوں سے تعلقات میں تناؤ ہے (فوٹو: اے ایف پی)

’یہ انتہائی فکر انگیز بات ہے کہ متحدہ عرب امارات یک طرفہ طور پر 2002 میں عرب لیگ کی طرف سے کیے گئے عرب امن معاہدے سے پیچھے ہٹ جائے۔‘
ترکی کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات ہیں لیکن کئی برسوں سے دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ ہے۔
2010 میں اسرائیلی کمانڈوز نے غزہ کی پٹی کے محاصرے کو توڑنے کی کوشش کرنے والے 10 ترک شہریوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
مصر اور اردن کے بعد یو اے ای تیسرا عرب ملک ہے جس نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کیے ہیں۔

شیئر: