Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مینگو فیسٹیول میں پاکستانی آم کے ذائقے کی پذیرائی

14 اگست کے موقع پر ریاض میں پاکستانی سفارتخانے نے مینگو فسٹیول کا انعقاد کیا۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان مملکت کو آم برآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔
پاکستان کی حکومت کے 'مینگو ڈپلومیسی' کے اقدام کے تحت سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم پاکستانی سفارت خانے کے ٹریڈ مشن نے یوم آزادی کی مناسبت سے مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا جس میں مختلف ورائٹی کے آم رکھے گئے۔
ریاض کے تمیمی سپر مارکیٹ میں منعقد کیے گئے مینگو فیسٹیول میں سعودی شہریوں کے لیے سندھڑی، چونسہ، انور رٹول اور لنگڑا آم کی اقسام رکھی گئیں۔ فیسٹول میں آنے والے عام لوگوں کو بھی پاکستانی آم مفت چکھنے کی پیش کش کی گئی۔
فیسٹیول کا افتتاح ریاض میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کیا اور اس موقع پر کئی معروف عرب شخصیات اور پاکستانی برآمد کنندگان اور تاجر بھی موجود تھے۔
پاکستان کے سفیر نے فیسٹیول میں شریک شخصیات اور شہریوں کو بتایا کہ پاکستان سعودی عرب کو آم برآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ سعودی عرب میں پاکستانی آم کے ذائقے کو پذیرائی ملی ہے۔

فیسٹیول کا افتتاح ریاض میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کیا۔ 

پاکستان میں آم کا سیزن مئی میں شروع ہو کر اکتوبر کے اواخر تک رہتا ہے تاہم رواں سال کورونا کی وبا اور بین الاقوامی پروازوں کی معطلی کی وجہ سے پاکستان کے آم جون کے مہینے میں عرب ملکوں کی مارکیٹ تک پہنچے۔
ریاض میں ہونے والے اس مینگو فیسٹیول میں پاکستانی آم کی مختلف ورائٹی کو ملک شیک، آئس کریم اور کیک کی شکل میں رکھا گیا تھا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے دلچسپی لی۔
ریاض میں پاکستانی سفارت خانے کے ٹریڈ مشن نے مملکت کے دیگر شہروں میں بھی اسی طرز پر مینگو فیسٹیول منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ پاکستانی آم کو زیادہ سے زیادہ لوگوں میں متعارف کرایا جا سکے۔

شیئر: