Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ضیاالحق کی برسی یاد رکھنا میرا کام نہیں‘

وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے سابق فوجی صدر جنرل ضیاالحق کی برسی کو یوم پیدائش قرار دینے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس سے فرق نہیں پڑتا۔ اس قبل زرتاج گل نے بارش ہونے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو دیا تھا اور انہوں نے اپنے اس بیان کا بھی دفاع کیا ہے۔
یاد رہے کہ سوموار کو ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے زرتاج گل نے 17 اگست کو جنرل ضیاالحق کا یوم پیدائش قرار دیا تھا جس پر سوشل میڈیا پر خوب بحث شروع ہو گئی تھی۔ تاہم اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے اپنی غلطی کو تسلیم کرنے سے انکار کر تے ہوئے اس کا دفاع کیا۔
وزیر مملکت سے پوچھا گیا تھا کہ ان کے بیانات کو لے کر سوشل میڈیا پر تنقید کیوں ہوتی ہے، چاہے وہ کورونا کے 19 پوائنٹس کی بات ہو یا پھر ضیاالحق کی برسی کو یوم پیدائش کہنا ہو، تو ان کا کہنا تھا کہ ’ضیاالحق کی برسی کے حوالے سے بڑا آسان میرا جواب یہ ہے کہ دیکھیں پٹواریوں کو پتا ہونا چاہیے کہ ان کے والد محترم کی برسی یا والد محترم کا جنم پیدائش کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ضیاالحق کی قیادت میں تو نواز شریف اور ان کی پارٹی بنی ہے، ابھی بھی شہباز شریف کہتے ہیں کہ میں تو شیروانی پہن کر آیا تھا اور مجھ سے وعدہ کیا گیا تھا کہ آپ وزیراعظم ہوں گے۔ تو جو ان چور دروازوں سے آتے ہوں، تو پٹواریوں کو پتا ہونا چاہیے ناں کہ ان کے روحانی والد کی برسی اور برتھ  ڈے کب ہے۔ یہ تو ان کا ایشو ہے یہ میرا ایشو نہیں، اس ملک کا ایشو نہیں ہے۔ سو اس سے فرق نہیں پڑتا۔‘
جب زرتاج گل سے پوچھا گیا کہ کیا وہ مانتی ہیں کہ ان سے سوشل میڈیا پر غلطیاں ہوئی ہیں، انہوں نےکہا کہ ’بارش والی بات پر میں نے یہ کہا تھا کہ بیٹیاں اور بارش رحمت ہوتی ہیں، زحمت اس کو انسان اپنی کم علمی اور ناقص حکمت عملی سے بناتا ہے، تو یہ حقیقت ہے اگر آپ نے40 سال سے ڈیم نہیں بنائے تو بارش بھی آپ کے لیے زحمت بنے گی۔ تو اس کے لیے کم از کم انہیں اپنے رہنماؤں سے پتا کر لینا چاہیے ناں کہ جب بارش آتی ہے تو پانی آتا ہے، جب زیادہ بارش آتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے۔‘
ایک اور سوال پر ان کا کہنا تھا کہ لوگ سوشل میڈیا پر ان پر تنقید اس لیے کرتے ہیں تاکہ ان کو زیادہ ری ٹویٹس مل سکیں۔ ٹوئٹر پر 12 لاکھ کے قریب فالوز رکھنے والی زرتاج گل نے بتایا کہ وہ روزانہ 200 کے قریب ایسے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرتی ہیں جو نامناسب تنقید کرتے ہیں۔ 
چند ماہ قبل زرتاج گل نےسرکاری ٹی وی پروگرام میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’کووڈ 19 کا مطلب ہے اس کے 19 پوائنٹس ہیں جو کسی بھی ملک پر کسی بھی طرح اپلائی ہو سکتے یہں۔ اب یہ ان پر ہے کہ قوت مدافعت کو کیسے ڈیولپ کریں۔‘

 زرتاج گل کے کووڈ 19 سے متعلق بیان پر بھی تنقید ہو چکی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کے بعد وزیر مملکت نے اپنی وضاحت میں ٹو یٹ کی کہ ’روزانہ ٹی وی پر گھنٹوں بات کرتی ہوں، پرچی کے بغیر۔‘
کہنا چاہتی تھی کہ ’وبا کا اثر اور اس کی شدت مختلف ممالک میں مختلف ہے۔ چند لمحوں کی خطا پر یوں ماتم کناں ہونے کے بجائے اپنی جماعتوں کے حشر نشر پر توجہ دیں تو شاید ان کے حق میں بہتر ہو۔ تنقید سے نہیں گھبراتی اور مضبوط ہوتی ہوں۔‘

شیئر: