Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران پر پابندیاں بحال کر رہے ہیں: امریکہ

امریکہ اور ایران کے درمیاں تعلقات عرصہ دراز سے کشیدہ ہیں (فوٹو: اے پی)
امریکہ نے کہا ہے کہ وہ ایران پر اقوام متحدہ کی تمام پابندیاں بحال کرے گا جبکہ یورپی اتحادیوں پر ’آیت اللہ کا ساتھ دینے‘ کا الزام عائد کیا ہے۔
جمعرات کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پابندیوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق اپنے خطوط میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گوتریس اور سلامتی کونسل کے صدر کو کہا ہے کہ وہ قرارداد میں ’سنیپ بیک‘ کا عمل شروع کر رہے ہیں جو 30 دن کے اندر ایران پر پابندیوں کو دوبارہ نافذ کر دے گا۔‘
انہوں نے اقوام متحدہ میں ایک پریس کانفرس کے دوران بتایا کہ ’ہمارا پیغام بہت ہی سادہ ہے، امریکہ دنیا میں دہشت گردوں کی سب سے بڑی سپانسر ریاست کو آزادانہ طور پر طیارے، ٹینکس، میزائل اور دیگر روایتی ہتھیار خریدنے اور فروخت کرنے کی اجازت کبھی نہیں دے گا۔‘
اقوام متحدہ کی ہتھیاروں سے متعلق یہ پابندیاں جاری رہیں گی۔
پومپیو نے ایران پر الزام لگایا ہے کہ وہ جوہری پروگرام کے مقامات کا معائنہ کرنے سے انکار کرتا رہا ہے۔
ایران سے پابندیاں 2015 کے تاریخی جوہری معاہدے کے تحت اٹھائی گئی تھیں۔
امریکی وزیرخارجہ نے اعتراف کیا کہ ان کے اتحادی جن میں جرمنی، فرانس اور برطانیہ بھی ہیں، نے ان کو کہا ہے کہ وہ اسلحے پر پابندی کی تجدید کی حمایت کرتے ہیں لیکن عوامی سطح پر ’سنیپ بیک‘ آپشن کی حمایت سے انکار کر دیا۔
امریکی وزیرخارجہ نے یورپی اتحادیوں پر ’آیت اللہ کا ساتھ دینے‘ الزام لگایا اور کہا ہے کہ یہ ’قیادت کی ناکامی‘ ہے۔

ایران سے پابندیاں 2015 کے تاریخی جوہری معاہدے کے تحت اٹھائی گئی تھیں (فوٹو: اے پی)

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے سوا قرار داد لانے کی کسی ملک میں ہمت اور اعتماد نہیں تھا، اس کے بجائے انہوں نے آیت اللہ کا ساتھ دینے کا انتخاب کیا۔ ان کے اقدامات نے عراق، یمن، لبنان اور شام کے عوام اور اپنے ہی شہریوں کے عوام کو خطرے میں ڈال دیا۔
اس کے بجائے امریکی وزیرخارجہ نے خلیج تعاون تنظیم کے ممبر ممالک کی تعریف کی اور کہا کہ ان ممالک نے ایران کی دہشت گرد پالیسیوں کا مقابلہ کرنے میں ہمت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
’دو ہفتے قبل بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سلامتی کونسل کو ایک خط لکھا اور اکتوبر میں ختم ہونے سے پہلے اسلحے کی پابندی کی تجدید پر زور دیا۔'
امریکی وزیرخارجہ نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کی کوششوں میں امریکہ کا ساتھ دے اور ایک مضبوط معاہدہ تیار کیا جائے جو ایران کے شر انگیز رویے کے سامنے بند باندھ سکے۔

شیئر: