Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیروت دھماکے: دو افراد کے وارنٹ گرفتاری

دھنماکوں کی تحقیقات میں ایف بی آئی بھی لبنانی حکام کی مدد کررہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بیروت دھماکوں کی تحقیقات کرنے والے لبنان کے جج نے جمعے کے دن مزید دو افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جج فادی ساون نے دھماکوں کی تحقیقات کے سلسلے میں دو وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
لبنان کے سرکاری نیوز ایجنسی این این اے کے مطابق کسٹم اتھارٹی کے ڈائریکٹر ہنا فارس اور جس گودام میں دھماکے ہوئے اس کے ایک کنٹریکٹر نائلہ الحاج کے وارنٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔
خیال رہے بیروت دھماکوں میں 181 افراد ہلاک اور چھ ہزار 500 زخمی ہوئے تھے جب کہ شہر کا بڑا حصہ تباہ ہوگیا تھا۔
لبنان کی حکومت نے دھماکوں کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ بیشتر لوگ ان تباہ کن دھماکوں کی وجہ حکام کی غفلت اور کرپشن کو قرار دے رہے ہیں۔
ابھی تک دھماکوں کے سلسلے میں تحقیقات کا سامنا کرنے والے 25 افراد میں سے چھ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔  ان میں بیروت پورٹ کے ڈائریکٹر جنرل حسن کورائیتم اور کسٹم کے ڈٓائریکٹر جنرل بدری ڈاھر شامل ہیں۔
گوکہ لبنانی حکام نے بین الاقوامی تحقیقات کے مطالبے کو در کیا ہے تاہم جاری تحقیقات میں غیر ملکی ماہرین لبنانی حکام کی معاونت کر رہے ہیں جن میں امریکی ایف بی آئی کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
فرانس جس کے کئی شہری ان دھماکوں میں مارے گئے ہیں نے بھی الگ سے تحقیقات شروع کر رکھی ہے۔

شیئر: