Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامے کی تجدید کے لیے سعودی عرب میں موجودگی ضروری ہے؟

چھٹی کے دوران اقامے کی تجدید اور دیگر معاملات رک جاتے ہیں۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات بتدریج معمول پر آ رہے ہیں تاہم بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اب تک کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔ 
 ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حکام کی جانب سے اس بارے میں احکامات جاری ہوں گے مطلع کر دیا جائے گا۔ 
قارئین نے اپنی مشکلات اور مسائل کے حوالے سے مزید سوالات بھیجے ہیں۔
محمد قمرعلی  نے سوال کیا ہے کہ سعودی عرب کے لیے پروازیں کب تک بحال ہو رہی ہیں؟ 
جواب: کورونا وائرس کی وجہ سے تاحال بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے کوئی پروگرام جاری نہیں کیا گیا۔ سول ایوی ایشن اور دیگر اداروں کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے حالات بہتر ہوں گے۔پروازوں کی بحالی کا شیڈول جاری کر دیاجائے گا۔ 
پروازوں کی بحالی کے بارے میں سوشل میڈیا کی افواہوں پرتوجہ نہ دی جائے بلکہ مصدقہ خبروں پر بھروسہ کریں۔ ابھی تک ایسی کوئی اطلاع نہیں جس میں پروازوں کی بحالی کے حوالے سے شیڈول دیا گیا ہے۔ جیسے ہی حکام کی جانب سے شیڈول جاری ہوگا ’اردونیوز‘ میں فوری طور پر اس کی خبر شائع کر دی جائے گی۔ 
خان رحیم خان اپنے دوست کے حوالے سوال کرتے ہیں ’ میرا دوست چھٹی پر پاکستان گیا ہوا ہے اس کا اقامہ 15 اگست کو ختم ہو گیا کیا کفیل تجدید کرا سکتا ہے؟ 
جواب: آپ کے دوست کا اقامہ  15 اگست کو ایکسپائر ہوگیا اس حوالے سے ابھی تک سرکاری طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازیں بحال نہیں ہوئیں۔ حکومت کی جانب سے 15 مارچ کے بعد سے جو تارکین بیرون ملک گئے ہوئے تھے ان کے اقاموں اور خروج وعودہ ویزوں کی 3 ماہ کے لیے توسیع کی گئی ہے۔

 کفیل ’ابشر‘ اکاونٹ کے ذریعے ہروب 15 دن کے اندر کینسل کرا سکتا ہے (فوٹو: عاجل)

 اقامے کی تجدید کے حوالے سے جوں ہی سرکاری سطح پر کوئی بیان جاری کیا جائے گا۔ اسے فوری طور پر اردونیوز میں شائع کیا جائے گا۔  
عدیل شاہ نے پوچھا ہے 'میرا دوست پاکستان گیا ہوا ہے۔ اس کا اقامہ بھی تجدید نہیں ہو رہا جب بھی کوشش کریں۔ بیرون ملک ہے‘ لکھا ہوا آتا ہے؟ 
جواب: امیگریشن قانون کے مطابق جو مملکت میں ملازمت کے ویزے پر مقیم تارکین کے اقاموں کی تجدید کےلیے لازمی ہے کہ وہ مملکت میں موجود ہوں جب تک تارکین یہاں موجود نہیں ہوں گے جوازات کا سسٹم ان کے اقاموں کی تجدید نہیں کرے گا کیونکہ بیرون ملک جانے والے جب تک واپس نہیں آجاتے سسٹم میں ان کے اقامے کی تجدید اور دیگر معاملات رک جاتے ہیں۔ 
گزشتہ ماہ سعودی حکومت کی جانب سے جو خصوصی رعایت دی گئی تھی وہ ایوان شاہی کی جانب سے تھی جس کے تحت کورونا وائرس کی وجہ سے بیرون مملکت پھنس جانے والوں کے اقاموں کی مفت 3 ماہ کے لیے تجدید ممکن ہوئی تھی۔

مملکت آنے والے مسافروں کے لیے ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

رحمت خان کا سوال ہے ’ سعودی عرب کے حوالے سے ایسی خبر سامنے آئی جس میں کہا گیا تھا کہ مملکت آنے والے مسافروں کےلیے ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں جس کے تحت انہیں 7 دن کے لیے گھر پر قرنطینہ میں رہنا ہوگا ، کیا یہ درست ہے؟ 
جواب: ابھی تک ایسی کوئی خبر مصدقہ ذرائع سے جاری نہیں ہوئی البتہ کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر اس طرح کی افواہیں گردش کر رہی تھیں جن کے بارے میں سوال ایوی ایشن اور محکمہ جوازات کی جانب سے تردید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ جیسے ہی بین الاقوامی پروازیں کھولنے کا فیصلہ ہو گا سرکاری طور پر اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔  
اکبر قریشی کا سوال ہروب کے بارے میں ہے وہ کہتے ہیں ’میں پاکستان جانا چاہتا ہوں، کیفل نے ہروب لگایا ہے کیا کروں؟ 
جواب: سب سے پہلے یہ دیکھنا ہے کہ ہروب لگے ہوئے کتنا عرصہ ہو گیا ہے۔ قانون کے مطابق ہروب لگنے کے 15 دن کے اندر کفیل اپنے ’ابشر‘ اکاونٹ کے ذریعے اسے کینسل کرا سکتا ہے بعد ازاں ہروب کو کینسل کرانے کی کارروائی کافی لمبی ہوگی۔ اس کے لے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ہروب غلط لگایا گیا ہے۔
اگر ہروب غلط لگایا گیا ہے اور اسے لگے ہوئے 15 دن سے زیادہ ہو چکے ہیں تو اس صورت میں آپ قونصلیٹ کے شعبہ ویلفیئر سے رابطہ کریں اور انہیں تمام تفصیلات سے تحریری طور پر مطلع کریں تاکہ وہ آپ کی مدد کرتے ہوئے وطن واپسی کے لیے کوئی طریقہ کار تلاش کر سکیں۔

شیئر: