Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیسرا ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم 273 پر ڈھیر

کپتان اظہر علی سنچری بنانے کے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں- فوٹو ( اے ایف پی)
انگلینڈ کے خلاف ساؤتھمپٹن میں سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 273 رنز پر آؤٹ ہو گئی ہے۔
انگلینڈ کے 583 رنز کے جواب میں پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو جلدی وکٹیں گر جانے سے ٹیم پریشر میں آگئی۔
تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو اسد شفیق پانچ رنز بنانے کے بعد ہی آؤٹ ہو گئے۔ جبکہ فواد عالم 21 رنز بنا کر بیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔وکٹ کیپر محمد رضوان نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 53 رنز بنائے اور ووکس کی گیند پر بٹلر کو کیچ پکڑا دیا۔یاسر شاہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرے اور 20 رنز بنا کر براڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
شاہین آفریدی بھی صرف تین رنز بنا کر پوہلین لوٹ گئے-اس کے بعد آنے والے محمد عباس ایک رنز ہی بنا پائے تھے کہ رن آؤٹ ہو گئے۔کپتان اظہر علی نے مشکل وقت میں آخر تک ٹیم کا ساتھ نہ چھوڑا- انہوں نے 24 چوکوں کی مدد سے 141 رنز بنائےاور ناٹ آؤٹ رہے ۔
کم سکور ہونے کے باعث اب پاکستانی ٹیم کل اپنی دوسرری اننگرز کا آغاز کرے گی جبکہ انگلینڈ کو 310 رنز کی برتری حاصل ہے۔
میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان کے تین کھلاڑی صرف 24 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔
انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 583 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی تھی۔ 
انگلینڈ کی جانب سے زیک کرولی نے 34 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 267 رنز بنا ئے- ان کو وکٹ کیپر محمد رضوان نے اسد شفیق کی گیند پر سٹمپ آؤٹ کیا-  
انگلش ٹیم کے وکٹ کیپر بٹلر نے 13 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 152 رنز بنائے، یہ ان کا انٹرنیشنل کیریئر میں سب سے زیادہ سکور ہے۔
دوسرے دن جب پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو اوپنر شان مسعود چار رنز پر اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے تھے۔
عابد علی صرف ایک رنز بنا پائے تھے کہ اینڈرسن کی گیند پر سیبلی کو کیچ دے بیٹھے۔  بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 11 رنز پر ااینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے دن کا آغاز ہوا تو کھیل کو دو بار بارش کے باعث روکنا پڑا۔ پہلے دن محتاط انداز اپنانے کے بعد انگلینڈ کے کھلاڑی جوز بٹلر اور زیک کرولی نے شاندار بیٹنگ کی-
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ ،شاہین شاہ آفریدی اور فواد عالم نے دو جبکہ اسد شفیق اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
3 ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل ہے-

شیئر: