Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پومپیو کا دورہ امارات، ہم منصب سے ملاقات

پومپیو، بحرین سے امارات کے مختصر دورے پر پہنچے ہیں( فوٹو عرب نیوز
امریکی وزیر خارجہ پومپیو نے بدھ کو متحدہ عرب امارات کے مختصر دورے کے دوران اماراتی ہم منصب سے لیبیا کے تنازع اور ایران کے علاقائی اثر و رسوخ کے انسداد پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
 مائیک پومپیو نے ابوظبی میں اماراتی قومی سلامتی کے  مشیر شیخ طحنون بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان کی موجودگی میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا-  

 

اماراتی خبررساں ادارے وام کے مطابق امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے، مشرق وسطی امن عمل کو فعال کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے  حوالے سے امن معاہدے کی اہمیت کا جائزہ لیا۔
 علاقائی و بین الاقوامی نوعیت کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ خطے کے حالات حاضرہ بھی زیر بحث آئے۔  
فریقین نے امارات اور امریکہ کے درمیان مشترکہ تعاون اور مختلف سطحوں پر دونوں دوست ملکوں کے سٹراٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا۔ 
نئے کورونا وائرس کی وبا کی تازہ صورتحال اور دونوں ملکوں کے درمیان وبا کے اثرات سے نمٹنے کے لیے جاری کاوشوں پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔   
العربیہ نیٹ کے مطابق پومپیو نے امارات پہنچنے پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’ دورہ امارات کے حوالے سے پرجوش ہوں۔ امارات اور اسرائیل کا معاہدہ 25 برس سے زیادہ عرصے سے مشرق وسطی میں قیام امن طرف اہم قدم ہے‘۔   
پومپیو نے امید ظاہر کی کہ’ ہم علاقائی امن تک رسائی کے لیے اس رفتار کو آگے بڑھائیں گے‘۔  

 عرب نیوز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پومپیو اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید النہیان نےلیبیا میں پائیدار جنگ بندی کی حمایت، خلیجی اتحاد اور خطے میں ایران کے مضر اثر و رسوخ سے نمٹنے کے بارے میں بات کی ہے۔
 قبال ازیں پومپیو کے دورے کے دوران بحرین نے امریکہ سے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین تنازعے کے لیے دو ریاستی حل ہونا چاہیے۔
عرب نیوز کے مطابق بحرین کے دارالحکومت مناما میں کنگ حماد بن عیسیٰ اور امریکی وزیرخارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے امارات کے پہنچنے سے قبل بدھ کو خلیجی ملک بحرین کے شاہی خاندان کی شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اس سے پہلے اسرائیل اور سوڈان کا سفر کر چکے ہیں۔
مائیک پومپیو نے مناما سے ٹویٹ کیا کہ ’ ہم نے خطے کے امن و استحکام کی تعمیر و ترقی کی اہمیت سے متعلق تبادلہ خیال کیا، اس کے ساتھ ساتھ خلیجی ممالک کے اتحاد کی اہمیت اور ایران کے شر انگیز اثرورسوخ کے انسداد پر بھی بات کی۔‘
بحرین میں ان کی ملاقاتیں 13 اگست کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد ہوئی ہیں۔
بحرین سعودی عرب کے ساحل سے دور خلیج عرب کے ایک چھوٹے سے جزیرے پر مشتمل ملک ہے۔ یہاں پر تاریخی یہودی کمیونٹی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے بحرین میں شاہی خاندان کی شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں۔(فوٹو عرب نیوز

بحرین کی خبررساں ایجنسی کے مطابق کنگ حماد نے اسرائیل اور فلسطین تنازعے کے خاتمے کے لیے کوششوں کو مزید تیز کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
کنگ حماد نے مزید کہا کہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے لیے دو ریاستی حل ہے جس میں مشرقی یروشلم فلسطین کا دارالحکومت ہوگا جو کہ ایک دیرینہ عرب موقف ہے۔
بحرین میں امریکی بحریہ کا پانچواں فلیٹ بھی موجود ہے اور امریکہ کا قریبی سکیورٹی شراکت دار بھی ہے۔
بحرین کے بعد امریکہ وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات پہنچے جہاں انہوں نے اماراتی وزیرخارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقاتیں کیں۔

شیئر: