Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'عارف علوی کشتی سمیت کہاں غائب ہیں؟'

سوشل میڈیا پر صارفین کراچی میں بارش کی تباہ کاریوں کی مختلف ویڈیوز اور تصاویر شیئر کر رہے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)
کراچی میں ہونے والی حالیہ بارشوں نے تباہی مچائی ہوئی ہے اور شہر کی بیشتر شاہراہیں زیر آب ہیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سینکڑوں گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین کراچی میں بارش کی تباہ کاریوں کی مختلف ویڈیوز اور تصاویر شیئر کر رہے ہیں اور اس وقت Karachi rain# ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔
ٹوئٹر پر کراچی کی شاہراہ فیصل کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں شہری سیلاب میں ڈوبتے پولیس اہلکار کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ایک اور ویڈیو میں محرم کی سکیورٹی کے لیے لگائے گئے کنٹینرز پانی میں بہتے نظر آرہے ہیں۔ 
ٹوئٹر صارفین میں سے کچھ پیپلز پارٹی کو کراچی کی اس صورت حال کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں جبکہ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے کراچی کو بے یار و مدد گار چھوڑ رکھا ہے۔

ٹوئٹر صارف عطیہ زاہد نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مشہور گانے کے بول لکھے 'ساحل پہ کھڑے ہو تمہیں کیا غم چلے جانا، میں ڈوب رہا ہوں ابھی ڈوبا تو نہیں ہوں۔' انہوں نے ساتھ یہ فریاد بھی کی کہ 'کوئی تو کراچی کو ڈوبنے سے بچا لے۔'

 
ڈرامہ نگار نورالہدیٰ شاہ نے ٹویٹ کی کہ 'کم سے کم کراچی ڈیفنس تو چین کے حوالے کردیں سمندر بن چکا ہے۔ واللہ یہ وفاق سے بھی سنبھالا نہ جائے گا کیونکہ اس کا پانی سر سے گزر چکا ہے۔'

یاسف نامی صارف نے لکھا کہ 'ہمارے بزرگوں نے ڈھاکہ ٹوٹتے دیکھا اور ہم نے کراچی کو ڈوبتے دیکھا۔'
کچھ صارفین صدر عارف علوی اور ان کی کشتی پر دلچسپ تبصرے کرتے نظر آئے۔

ہزمتی وزیر کے نام سے ٹوئٹر صارف نے صدر عارف علوی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی جو گذشتہ دور حکومت میں عوام کو سیلابی صورت حال سے بچانے کے لیے 'پبلسٹی سٹنٹ' کیا کرتے تھے، کراچی کے عوام آج بھی ان کو تلاش کرتے پھر رہے ہیں۔' 

صدام الیاس کے نام سے صارف نے لکھا کہ 'آج کل عارف علوی صاحب اپنی کشتی سمیت کدھر غائب ہیں؟'

ابو علیحہ نامی ٹوئٹر صارف نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ 'جب کراچی میں بارش تھم جائے گی، صورت حال معمول پر ہوگی، تب وزیراعظم عمران خان کی ٹویٹ آئے گی جس میں وہ بارش میں دن رات کام کرنے پر اپنی ٹائیگر فورس کے دس لاکھ خیالی کارکنان کا شکریہ ادا کررہے ہوں گے اور فہم و شرم سے عاری سپورٹر اسے ریٹویٹ کررہے ہوں گے۔'

ایک اور صارف نعمان خان نے  شاہراہ فیصل پر سیلاب کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی پر طنز کیا کہ' خبردار کسی نے سعید غنی کو ٹیگ کیا یہ فلوریڈا کی پولیس ہے جسے کراچی کے عوام بچانے پہنچے ہیں۔'

شیئر: