Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کی جانب حوثیوں کا ڈرون حملہ ناکام

حوثیوں کے ڈرون کو یمن کی حدود میں ہی تباہ کردیاگیا(فوٹو، ٹیوئٹر)
یمن میں آئنی حکومت کی مدد کےلیے قائم عرب اتحادی افواج نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیا جانے والا  ایک اور بڑا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے اتحادی فورسز کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کے حوالے سے کہا ہے کہ یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت پر ایک اور بڑا ڈرون حملہ کیا گیا تھا جسے اتحادی فورسز کی ائیر کمان اینڈ کنٹرول یونٹ نے اس وقت ناکام بنا دیا جب ڈرون یمن کی حدود میں ہی تھا۔

حوثی باغیوں کی جانب سے گزشتہ ہفتے بھی متعدد حملےکیے گئے تھے(فوٹو، سوشل میڈیا)

اتحادی فورسز کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے مزید بتایا کہ اتحادی فورسز کی ایئر کمان یونٹ نے جمعہ کی شب ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت کی سمت ڈرون حملے کی نشاندہی کی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایئر کمان نے اسے یمن کی سرحد کے اندر ہی تباہ کردیا۔
کرنل المالکی نے مزید کہا کہ ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے مسلسل مملکت پر ڈرون اورمیزائل حملے کیے جارہے ہیں جن کا مقصد سعودی عرب کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا ہے ۔
یاد رہے گزشتہ ہفتے بھی ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت پر متعدد میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے تھے جن میں سے ایک میزائل حملہ ابھا ایئرپورٹ کی جانب کیا گیا تھا جسے فضا میں ہی ناکام بنا دیا گیا تھا۔
کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے مسلسل بین الاقوامی سرحدوں کی خلاف ورزیاں جاری ہیں جن کا مقصد علاقے کے امن اور شہریوں کی جانوں کو نقصان پہنچانا ہے جو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے

شیئر: