Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سُشانت سنگھ راجپوت کیس: اداکار کا باورچی بھی گرفتار

اس سے قبل سُشانت کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی کے بھائی کو گرفتار کیا گیا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا)۔
بالی وڈ کے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے باورچی دپیش ساونت کو سنیچر کے روز گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انڈین ٹی وی این ڈی ٹی وی کے مطابق دپیش ساونت کو منشیات کی روک تھام کرنے والے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گرفتار کیا ہے۔
اس سے قبل جمعے کو انسداد منشیات کے اس ادارے نے سُشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی کے بھائی شووک چکربورتی اور ان کے گھر کے مینیجر سیمول میرانڈا کو گرفتار کیا تھا۔
واضح رہے کہ ریا چکربورتی اور آنجہانی اداکار کی بزنس مینیجر شروتی مودی کی واٹس ایپ چیٹ کے ذریعے اس معاملے میں منشیات کے استعمال کا ذکر کھُل کر سامنے آیا تھا۔
اس مبینہ واٹس ایپ چیٹ کے مطابق ریا، سشانت سے منشیات چھڑانے کے لیے کوشش کر رہی تھیں۔
 ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی کی چیٹ کا ریکارڈ سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے حوالے کر دیا تاکہ منشیات کے استعمال کے زاویے سے بھی اس کیس کا جائزہ لیا جا سکے۔
ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سشانت سنگھ کی جنوری 2020 کی چیٹ ریکارڈز کے مطابق آنجہانی اداکار ایک میسج پڑھنے کے بعد میٹنگ میں چلا پڑے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ انہیں فوری علاج کرانے کی ضرورت ہے۔

سشانت سنگھ 14 جون کو ممبئی میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

اس واٹس ایپ چیٹ کے مطابق شروتی کے میسج میں کہا گیا ہے کہ اداکار نے گذشتہ روز سے نشہ ترک کر دیا ہے۔
 بالی وڈ کے اداکار سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کو ممبئی میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ ان کی موت کی وجہ کو مبینہ طور پر خودکشی بتایا گیا۔
سشانت سنگھ راجپوت نے بالی وڈ کی کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں شُدھ دیسی رومینس، رابطہ، کیدارناتھ اور سونچریا شامل ہیں تاہم انہوں نے سب سے اہم کردار انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم 'ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ سٹوری' میں ادا کیا۔

شیئر: