Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سشانت سنگھ کی نعش کا پوسٹ مارٹم جلدی میں کیا گیا‘

سشانت سنگھ کی نعش ان کے اپارٹمنٹ سے 14 جون کو ملی تھی۔ فوٹو اے ایف پی
بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے معاملے پر جاری تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ ممبئی پولیس کے کہنے پر اداکار کی نعش کا پوسٹ مارٹم جلدی میں کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ انڈین سپریم کورٹ نے سشانت سنگھ کی خودکشی کے مقدمے پر سماعت کرتے ہوئے انڈیا کے مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا تھا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق تفتیشی ادارے سی بی آئی نے اداکار کی نعش کا پوسٹ مارٹم کرنے والی ڈاکٹروں کی ٹیم سے تفتیش کی ہے۔
تفتیشی ٹیم نے ڈاکٹروں سے سوال کیا کہ اداکار کی نعش کا پوسٹ مارٹم رات کو کرنے کی کیا جلدی تھی، جس پر ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ممبئی پولیس کے کہنے پر پوسٹ مارٹم جلدی میں کیا گیا تھا۔
تفتیشی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم سے پہلے کورونا کا ٹیسٹ نہیں کیا تھا، جبکہ ڈاکٹروں کے خیال میں ایسے کوئی قواعد موجود نہیں ہیں۔
سشانت سنگھ کی آٹوپسی رپورٹ پر ان کی موت واقع ہونے کا وقت بھی درج نہیں ہے۔
علاوہ ازیں سنیچر کے روز سی بی آئی کی ٹیم نے ممبئی پولیس کے ہمراہ سشانت سنگھ کے اپارٹمنٹ کا دورہ کیا جہاں 14 جون کو اداکار کی موت واقع ہوئی تھی۔
تحقیقاتی ٹیم سشانت سنگھ کی موت کے حوالے سے ممکنہ امکانات کا تجزیہ کر رہی ہے۔
خود کشی کے معاملے کی تحقیقات میں مدد کے لیے پانچ ممبران پر مشتمل فارنسک ماہرین کا میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جو پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کا جائزہ لے رہا ہے۔       
علاوہ ازیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن سبرامینیم سوامی نے سنیچر کو ٹویٹ کیا تھا کہ اداکار کی نعش کی کوئی تصاویر موجود نہیں۔ جس پر سشانت کے قریبی دوست نے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ آخری رسومات ادا کرنے سے قبل تصاویر لی گئی تھیں جو فیملی کے پاس موجود ہیں۔
یاد رہے کہ سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی نے 16 جولائی کو انڈیا کے وزیر داخلہ امیت شاہ سے اپیل کرتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا کہ ’مجھے حکومت پر مکمل اعتماد ہے لیکن انصاف کی خاطر میں ہاتھ جوڑ کر آپ سے سی بی آئی سے جانچ کرانے کا مطالبہ کرتی ہوں۔‘
انڈین سپریم کورٹ نے بدھ کو سشانت سنگھ کی خودکشی کے مقدمے پر سماعت کرتے ہوئے تفتیشی ادارے سی بی آئی کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا تھا۔
عدالت کے اس فیصلے پر سشانت سنگھ کی بہن شویتا نےخوشی کا اظہار کیا تھا۔

شیئر: