عمان میں یکم اکتوبر سے پروازوں کی بحالی
حکام کا کہنا ہے کہ پروازیں مرحلہ وار بحال کی جائیں گی (فوٹو: سوشل میڈیا)
سلطنت عمان نے یکم اکتوبر 2020 سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عمان نے مارچ میں بین الاقوامی پروازیں معطل کردی تھیں۔
عمانی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کی نگراں اعلٰی کمیٹی نے اجلاس میں یکم اکتوبر سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے طے کیا گیا ہے کہ پروازیں مرحلہ وار بحال کی جائیں گی۔ ان کی شروعات ایسے سٹیشنوں سے کی جائے گی جہاں کورونا وبا کے مسائل قابو میں ہوں گے۔ علاوہ ازیں دیگر فضائی کمپنیوں کے ساتھ دو طرفہ معاہدے بھی کیے جائیں گے۔
عمان میں کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی تدبیر کے طور پر بین الاقوامی پروازیں معطل تھیں۔ عمانی حکام نے حالات کا جائزہ لے کر پروازوں کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔
سلطنت عمان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 262 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 87 ہزار 72 ہوگئی جبکہ اب تک 82 ہزار 406 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔