Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں ویکسین متعارف کروانے کی تیاری

امریکہ میں صدارتی انتخاب کے لیے ووٹرز 3 نومبر کو اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں صدارتی انتخابات سے دو روز قبل کووڈ 19 کی ویکسین متعارف کروائے جانے کے امکانات ہیں۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے ریاستوں کو تیار رہنے کے لیے کہا ہے۔ دوسری جانب فرانس نے وائرس سے متاثرہ معیشت کے لیے اخراجات کا ایک بڑا منصوبہ تیار کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دنیا بھر میں حکومتیں اپنی مہینوں سے بند معیشت کو کھولنے کے لیے کووڈ 19 کی ویکسین کا اعلان کرنے کے لیے پُرامید ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق کورونا وائرس کی وبا نے دنیا میں اب تک 8 لاکھ  63 ہزار سے زائد افراد کی جان لے لی ہے جبکہ اس سے 2  کروڑ 60 لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
امریکہ کورونا وائرس کی وبا سے دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
امریکہ میں 61 لاکھ 14 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق ایک خط میں امریکہ کے سینٹر فار ڈزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے ریاستوں کو ویکسین سینٹرز کو یکم نومبر سے مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے تیار رہنے کا کہا ہے۔
امریکہ میں صدارتی انتخاب کے لیے ووٹرز 3 نومبر کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے جائیں گے۔
سینٹر فار ڈزیز کنٹرول کے سربراہ رابرٹ ریڈفیلڈ نے 27 اگست کے خط میں ریاستوں کو کہا ہے کہ عوامی صحت کے اس فوری پروگرام کے لیے اجازت لینے میں وقت لگے گا جو کہ ایک رکاوٹ ہے۔
'سی ڈی سی ویکسین تقسیم کرنے کے عمل میں تیزی لانے کے لیے آپ سے تعاون کی درخواست کرتا ہے۔'
نیویارک ٹائمز کے مطابق اس ویکسین کی فراہمی کے لیے اہم کارکنوں جیسا کہ قومی سکیورٹی کے افسران اور کمزور افراد کو ترجیح دی جائے گی۔

شیئر: