’میری بات سے بے حسی کا شائبہ ہوا معذرت چاہتا ہوں‘
’ امید ہے حکومت شہریوں کو موٹر وے پر تحفظ فراہم کرے گی۔‘ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے موٹر وے ریپ کیس پر پارلیمنٹ میں دیے گئے اپنے بیان کے ایک حصے پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ’اپنے الفاظ کو درست سیاق و سباق میں پیش نہ کر سکا اور ان سے بے حسی کا شائبہ ہوا۔‘
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ان کے کہنے کا مطلب وہ نہیں تھا جیسا کہ لیا گیا اور وہ اس کے لیے معافی چاہتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ’میں آپ سب کی طرح اس بدقسمت واقعے پر دل گرفتہ ہوں۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اب سیالکوٹ موٹر وے پر شہریوں کو تحفظ فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ شہباز شریف نے پیر کو قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران سیالکوٹ موٹر وے بنانے کا کریڈٹ نواز شریف کو دیا تھا۔
انہوں نے یہ بات موٹر وے پر خاتون کے ریپ کے واقعہ پر تقریر کے دوران کی۔
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ 'معاملے کی مکمل انکوائری کروائی جائے اور یہاں پر یہ کہنا بھی غیر مناسب نہیں ہوگا کہ الحمدللہ یہ موٹروے بھی نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کے دور میں ہی بنی تھی۔'
انہوں نے کہا کہ’ یہ لاکھ تختیاں لگاتے پھریں لیکن عوام جانتے ہیں کہ یہ عوامی خدمت کے عظیم منصوبے کس دور میں لگائے گئے ہیں اس کا پورا کریڈیٹ میاں نواز شریف اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔'
شہباز شریف کے بیان کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر وائرل ہوا جس میں کئی نامور صحافیوں اور خواتین نے ان کے الفاظ کے چناو پر اعتراض کرتے ہوئے اپنے غم و غصے کا بھی اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے قائد حزب اختلاف کے اس بیان پر ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔