Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کے سی ای او کی سعودی سفیر سے ملاقات

پی آئی اے تین سعودی شہروں کے لیے پروازیں چلائے گی۔ (فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان انٹر نیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی ہے۔
جمعرات کو سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پی آئی کے سی ای او اور سعودی سفیر کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون خصوصاً پی آئی کی سعودی عرب کے لیے فلائٹ آپریشن کی بحالی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
خیال رہے سعودی عرب نے بین الاقوامی پروازوں پر سے پابندی منگل سے جزوی طور پر اٹھا دی ہے۔
پابندی کے جزوی خاتمے کے بعد پی آئی نے پاکستان سے سعودی عرب جانے کے لیے ٹکٹس کی بکنگ کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے عبد اللہ حفیظ نے بدھ کو اردو نیوز کو بتایا تھا کہ ’پاکستان سے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار 23 پروازیں چلائی جائیں گی جن کی ٹکٹس کے فروخت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ پاکستان سے سعودی عرب کے لیے پہلے خالی پروازیں چلائی جا رہی تھیں تاکہ سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کو واپس لایا جاسکے تاہم سعودی عرب کی جانب سے جزوی طور پر پابندیاں ہٹانے کے بعد اب پاکستان سے سعودی عرب جانے والے مسافر ٹکٹس بک کروا سکتے ہیں۔
عبد اللہ حفییظ کے مطابق پاکستان سے دمام، جدہ اور ریاض کے لیے پروازیں چلائی جارہی ہیں۔ ‘سعودی عرب کی جانب سے جزوی طور پر فضائی سفر پر عائد پابندیاں ہٹانے کے بعد پروازوں میں آئندہ آنے والے دنوں میں اضافہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے ہم نے ہفتہ وار 26 پروازیں چلانے کی اجازت مانگی ہے۔‘

شیئر: