Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پریمیئر لیگ دکھاؤ۔۔کھیل جاری رہنا چاہیے‘

پریمیئر لیگ کو پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر نہ کرنے پر فٹ بال شائقین حکومت پر تنقید کر رہے ہیں (فوٹو:ٹوئٹر)
یوں تو کہا جاتا ہے کہ کرکٹ پاکستانیوں کا جنون ہے لیکن گذشتہ کچھ عرصے سے پاکستان میں فٹ بال شائقین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ ورلڈ کپ ہو یا انگلش یا سپینش پریمیئر لیگ یا پھر عالمی فٹبال کپ کے مقابلے، پاکستانیوں کی بڑی تعداد ’فٹ بال فیور‘ میں مبتلا نظر آتی ہے۔ کوئی میسی کا دیوانہ ہے،کسی کے لیے رونالڈو بہترین فٹبالر ہیں تو کسی کو لیور پول جیسی ٹیم کا جارحانہ انداز بھاتا ہے۔
انگلش فٹبال پریمیئر لیگ کے مقابلے جاری ہیں اور اپنے پسندیدہ کھیل کو پاکستان ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر نہ کرنے پر فٹ بال شائقین حکومت پر تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں۔
اس وقت ٹوئٹر پر 'پریمیئر لیگ دکھاؤ پی ٹی وی' کے ہیش ٹیگ سے صارفین تبصرے کر رہے ہیں جن میں وہ حکومت اور پی ٹی وی انتظامیہ سے پریمیئر لیگ کو سرکاری چینل پر نشر کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

کئی صارفین نے وفاقی وزیربرائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی دو سال پرانی ٹویٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’پی ٹی وی کے دو سپورٹس چینلز لانچ کیے جائیں گے جن میں سے ایک پر کرکٹ کے علاوہ باقی تمام سپورٹس کی کوریج کی جائے گی۔‘
صارفین نے فواد چوہدری کو یاد دہانی کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا وعدہ نبھائیں۔

سعد رضا نامی صارف نے لکھا کہ ’یہاں بہت سے لوگ ہیں جو فٹ بال کو پسند کرتے ہیں۔ بھائی پیسے لے لو میچز دکھا دیا کریں۔‘

ایک اور صارف حشام عباسی نے وفاقی وزیر فواد چوہدری، اسد عمر اور شبلی فراز کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کی فٹ بال کمیونٹی مطالبہ کرتی ہے کہ پی ٹی وی سپورٹس کو ایشیا کپ 2012 کی ہائی لائٹس دکھانے کے بجائے پریمیئر لیگ نشر کرنے کی ہدایت کریں۔‘

ریڈر 8 کے نام سے وئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’یا تو پریمیئر لیگ دکھاؤ پی ٹی وی یا پھر چینل کا نام پی ٹی وی سپورٹس سے بدل کر پی ٹی وی کرکٹ رکھ دیں۔‘

بتول جنجوعہ نامی صارف نے لکھا کہ ’جو لوگ فواد چوہدری کو ٹیگ کر رہے ہیں ان کو بتا دوں کہ وہ اب سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر ہیں۔ جب وہ انفارمیشن ارو براڈکاسٹنگ کے وزیر تھے اس وقت پی ٹی وی نے فٹ بال میچ کی لائیو نشر کیا تھا۔‘
فواد چوہدری نے ان کی اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں شبلی فراز اور ایم ڈی پی ٹی وی سے بات کروں گا۔ کھیل جاری رہنا چاہیے۔‘
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی اس ٹویٹ پر فٹ بال شائقین خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں اور توقع ظاہر کر رہے ہیں کہ وہ پریمیئر لیگ کے باقی میچز جلد سرکاری چینل پر دیکھ سکیں گے۔

شیئر: