Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میٹرک کے امتحان میں مسیحی نوجوان نے ریکارڈ قائم کر دیا

روحان اشفاق اپنے والد کے ساتھ سبزی بھی فروخت کرتے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں ایک مسیحی طالب علم نے اپنے سکول کی تاریخ میں سب سے زیادہ نمبر لینے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
روحان اشفاق نے میٹرک کے امتحانات میں گیارہ سو میں سے 1033 نمبر حاصل کیے ہیں جبکہ ان کے سکول کی تاریخ میں آج تک اتنے نمبر کوئی نہیں حاصل کر سکا۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے روحان نے بتایا کہ وہ انتہائی غریب خاندان سے ہیں ’ہم پانچ بہن بھائی ہیں اور میں دوسرے نمبر پر ہوں پانچ سال پہلے پانچویں کے بعد میں نے تعلیم چھوڑ دی کیونکہ میرے والد صاحب گھروں میں سبزی فروخت کرتے تھے تو ان کا ہاتھ بٹاتا تھا۔‘
’میرا بڑا بھائی اس وقت پڑھ رہا تھا تو میں نے سوچا میں ابا کا ہاتھ بٹاتا ہوں۔ 2017 میں میرے بھائی نے میٹرک مکمل کر لیا تو اس نے مجھ پر زور دیا کہ میں سکول جاؤں اور وہ خود ابا کا ہاتھ بٹانے لگا۔ اس طرح میں نے آٹھویں جماعت میں داخلہ لے لیا۔ میں نے بہت دل لگا کے پڑھائی کی حالانکہ دو سال کا گیپ آ گیا تھا اور چیزیں مشکل تھیں لیکن میں نے ہار نہیں مانی۔‘
روحان کے سکول کا نام گورنمنٹ لیاقت میموریل ٹیکنیکل ہائی سکول ہے۔
ایک سوال کے جواب میں روحان نے بتایا کہ انہیں مذہبی اعتبار سے کبھی پریشانی نہیں اٹھانی پڑی ’ایک دو بار چھوٹے موٹے واقعات کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ اتنے معمولی تھے کہ میں ان کا ذکر بھی مناسب نہیں سمجھتا۔‘
انہوں  نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا ’مجھے بہت اچھے استاد ملے جن سے میں نے بہت کچھ سیکھا البتہ ایک دو استاد تھے جو زیادہ حوصلہ نہیں بڑھاتے تھے اور وہ ایسا اکیلے میرے ساتھ نہیں کرتے تھے سب بچوں کی حوصلہ شکنی کرتے تھے۔ یہ تک کہہ دیتے تھے کہ تم نے بھی سبزی کی ریڑھی ہی لگانی ہے اور کیا کرنا ہے۔ لیکن میں نے کسی بات کو دل پر نہیں لیا۔‘

روحان اشفاق کا پسندیدہ مضمون ریاضی ہے (فوٹو: اردو نیوز)

روحان کا سب سے پسندیدہ مضمون ریاضی ہے اور انہوں نے اس میں 150 میں سے 150 نمبر حاصل کیے ہیں ’مجھے میتھ بہت پسند ہے اور میں آگے بھی پری انجینئرنگ میں داخلہ لینے کا سوچ رہا ہوں۔ مجھے اندر سے لگتا ہے مجھے ریاضی اور پڑھنی ہے۔‘
شیخوپورہ کے کئی نجی کالجز نے روحان سے رابطہ کیا ہے اور انہیں مفت تعلیم کی آفر کی ہے ’مجھے کئی کالجز نے آفر کی ہے کہ داخلہ بھی مفت ہوگا اور تعلیم بھی لیکن ابھی تک میں نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔ میرے ایک بہت اچھے استاد ہیں عاصم حسین صاحب ان کی مشاورت سے میں کسی ایک کالج کو منتخب کروں گا کیونکہ مجھے ابھی نہیں پتا کہ ان کالجز میں پڑھائی کا معیار کیا ہے۔

شیئر: