Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے لیے غیر ملکیوں کے ویزوں کا دوبارہ اجرا

سعودی عرب سے دبئی پروازوں کا سلسلہ 27 ستمبر سے شروع ہو رہا  ہے۔(فوٹو گلف نیوز)
متحدہ عرب امارات کی جانب سے ملک میں غیر ملکیوں کے  داخلے کے لیے  ویزے 24 ستمبر سے دوبارہ  کھولے گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب  امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے بتایا  ہے کہ  ملک میں داخلے کے لیے سیاحتی ویزے دوبارہ  جاری کیے جائیں گے تاہم ورک ویزوں کے دوبارہ  اجرا کا سلسلہ ابھی شروع نہیں کیا جا رہا۔
دوسری جانب سعودی ائیر لائنز کی جانب سے 27 ستمبر سے دبئی کے لیے پروازیں دوبارہ بحال کی جا رہی ہیں۔

دبئی  خطے کا انتہائی اہم  سیاحتی اور کاروباری مرکز ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)

امارات نے کورونا وائرس کے باعث نئے ویزے کے اجرا اور  ملک میں غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی لگا رکھی تھی۔
وفاقی اتھارٹی کی جانب سے ٹریول انڈسٹری کو  کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر کے لیے مکمل اقدامات کے لیے کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دبئی  خطے کا سیاحتی اور کاروباری مرکز ہے اور متحدہ عرب امارات میں شامل سات ریاستوں میں سے ایک ہے جو ماہ جولائی سے ہی ویزا پر پابندی ختم کر چکا ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر کرنا ہوں گی۔(فوٹو عرب نیوز)

خلیج عرب میں چھ ممالک نے اندرون ملک کورونا وائرس کے سبب لگایا گیا کرفیو اور لاک ڈاؤن ختم کردیا ہے لیکن اس خطے میں اجتماعات اور غیر ملکی سفر پر تاحال پابندی عائد ہے جہاں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ سے زیادہ ہے اور یہاں اس وباء کے باعث مجموعی طور پر 6 ہزار 800 سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔
ہمسایہ ملک عمان نے کہا کہ  کورونا وائرس سے بچاو کے لیے سخت اقدامات کے ساتھ یکم اکتوبرسے بین الاقوامی پروازیں دوبارہ شروع کی جائیں گی۔

کورونا وائرس کے سبب لگایا گیا کرفیو اور لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا ہے(فوٹو گلف نیوز)

دوسری جانب سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب اور دبئی کے مابین 27 ستمبر سے پروازوں کی دوبارہ بحالی کا سلسلہ شروع ہو رہا  ہے۔
سعودی ائیر لائنز کی دبئی کے لیے پروازیں اتوار سے بحال ہوں گی۔ روزانہ پانچ پروازیں ریاض، جدہ اور دمام سے دبئی جائیں گی جب کہ امارات ائیر لائنز، ناس ائیر اور فلائی دبئی کی پروازیں یکم اکتوبر سے شروع ہوں گی۔
دوسری طرف اتحاد ائیر لائنز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ریاض، جدہ اور دمام کے لیے آپریشن کا آغاز اکتوبر میں ہو گا۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: