Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امن کے لیے سعودی عرب کا کردار قابل تحسین ہے: بحرینی سربراہ

'اسرائیل سے معاہدے کا اعلان امن کے لیے ہماری خواہش کا اظہار ہے۔' (فوٹو: بی این اے)
خلیجی ریاست بحرین کے فرمانروا شیخ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے کہا ہے کہ جی 20 اجلاس کی صدارت کے دوران سعودی عرب کا استحکام اور بھائی چارے کے حوالے سے کردار قابل تحسین ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ حمد بن عیسیٰ‌ نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کا اعلان امن کے لیے ہماری خواہش کا اظہار ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ (فوٹو: بی این اے)

انہوں نے تنازعات کے حل کے حوالے سے اقوام متحدہ کے موجودہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی کوششوں اور خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
اجلاس کے دوران اپنی تقریر میں شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے کہا کہ بحرین عالمی نظام کا حصہ ہوتے ہوئے عالمی اور علاقائی امن اور استحکام کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنائے گا۔

بحرین علاقائی امن و استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائےگا۔ (فوٹو: گلف نیوز)

بحرینی فرمانروا کا کہنا تھا کہ 'ہمارا ملک اقوام متحدہ اور اتحادیوں‌ کے ساتھ مل کر خطرات اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے  خدمات انجام دے گا۔'
انہوں‌ نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی بہبود، تنازعات کےحل اور اختلافات کے خاتمے لیے بین الاقوامی برادری کو فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
 
اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بحرینی فرمانروا کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے فروغ کے لیے بحرین نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے۔
'اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ ہماری طرف سے یہ پیغام ہے کہ منصفانہ امن کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔'
انہوں‌ نے کہا کہ برادر ملک متحدہ عرب امارات نے خطے میں دیرپا قیام امن کے لیے اسرائیل کو تسلیم کر کے جرات مندانہ اقدام کیا ہے۔
بحرینی فرمانروا کا کہنا تھا کہ ان کا ملک فلسطینیوں‌ اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازعات کے حل اور دو ریاستی فارمولے پر اپنے موقف پر قائم ہے اور اس پر کام جاری رکھے گا۔
 

شیئر: