Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد ابراہیم وینس آرٹ نمائش میں امارات کی نمائندگی کریں گے

محمد ابراہیم عرب امارات کی تخلیقی آرٹ کمیونٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹ محمد ابراہیم اٹلی کے شہر وینس میں منعقد ہونے والی نمائش میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق محمد ابراہیم کا شمار عرب امارات کے ان ابتدائی تخلیقی اور اختراعی آرٹسٹوں میں ہوتا ہے جنہوں نے تجربات کے ذریعے اپنے آرٹ کو ہمیشہ نئے انداز میں پیش کیا۔
محمد ابراہیم متحدہ عرب امارات کی تخلیقی آرٹ کمیونٹی کے بااثر رکن بھی رہ چکے ہیں جس کی بنیاد سنہ 1980 میں رکھی گئی تھی۔
محمد ابراہیم کا تعلق ریاست شارجہ میں واقع ساحلی شہر خور فاکان سے ہے۔ وہ اپنے فن پاروں کے ذریعے اپنے ارد گرد کے ماحول بالخصوص سمندروں اور صحراؤں کی عکاسی کرتے ہیں۔
محمد ابراہیم نے عرب نیوز کو بتایا کہ وہ نوجوانی کے زمانے سے ہی عرب امارات کے قدرتی مناظر سے متاثر ہیں جس کی عکاسی ان کے فن پاروں میں بھی ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے آرٹ کی رونمائی اٹلی کے شہر وینس میں منعقد ہونے والی نمائش میں کی جائے گی جس کے تحت وہ اپنے ملک اور ثقافت کو دیگر ممالک کے ساتھ شیئر کریں گے۔
انہوں نے وینس میں منعقد ہونے والی نمائش کے بارے میں کہا کہ یہ آرٹسٹ کی تخلیقی صلاحیت کے فروغ کے لیے ایک اہم تقریب ہے جہاں دنیا کے بہترین فنکاروں سے ملنے کا موقع ملتا ہے۔
محمد ابراہیم کے فن پاروں کی رونمائی دنیا بھر کے عجائب خانوں میں ہو چکی ہے جن میں برطانوی میوزیم کے علاوہ دیگر ممالک کی معتبر آرٹ گیلریز شامل ہیں۔

محمد ابراہیم کا شمار امارات کے تخلیقی اور اختراعی آرٹسٹوں میں ہوتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

محمد ابراہیم کے فن پاروں کی سولو نمائش متحدہ امارات نیشنل پاویلین میں بھی کی جائے گی۔ نیشنل پاویلین کا مقصد آرٹ کے ذریعے متحدہ عرب امارات سے متعلق منظر عام پر نہ آنے والے حقائق پیش کرنا ہے۔ 
نیشنل پاویلین کی ڈائریکٹر لیلا بنبرک کے مطابق ادارے کا مقصد امارات کے بہترین آرٹسٹوں کے کام کی نمائش کرنا ہے جو عالمی سطح پر پہچان کے حقدار ہیں۔
نیو یارک یونیورسٹی کی ابو ظبی میں واقع آرٹ گیلری کی مہتمم مایہ ایلسن کا کہنا ہے کہ محمد ابراہیم کا آرٹ منفرد ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے ماحول سے متاثر ہے اور بدلتی دنیا کی عکاسی کرتا ہے۔ 
 

شیئر: