Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب تحفظ ماحولیات میں گہری دلچسپی رکھتا ہے‘

سعودی عرب تحفظ ماحولیات میں گہری دلچسپی رکھتا ہے- فوٹو عکاظ
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب تحفظ ماحولیات میں گہری دلچسپی رکھتا ہے-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت آئین کی دفعہ 32 کے تحت ماحول کو آلودگی سے بچانے اور جنگلی حیاتیات کے  تحفظ کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے-
فیصل بن فرحان نے  اقوام متحدہ کے سائبان تلے بیالوجی تنوع سربراہ کانفرنس سے آن لائن خطاب میں کہا کہ ’ہم اہم قدرتی وسائل سے مالا مال سرزمین میں بسے ہوئے ہیں- ہماری کوشش ہے کہ قدرتی وسائل کو تحفظ حاصل ہو- قدرتی وسائل کا مستقل تحفظ انسانی فرض اور عالمی برادری کے ساتھ ہمارا مشترکہ مشن ہے-
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ مملکت نے جنگلی حیاتیات کے تحفظ، قدرتی چراگاہوں کے لیے قومی حکمت عملی اور ماحولیاتی حکمت عملی تیار کی ہے- اس حوالے سے قانون سازی کی گئی ہے- سعودی عرب اس سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہوئے ہے-
فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی وژن 2030 میں ماحولیاتی تحفظ کو اہم ہدف کے طور پر ریکارڈ کیا گیا ہے-
سعودی وزیر خارجہ نے بتایا کہ امسال جی 20  کے سربراہ کی حیثیت سے سعودی عرب نے کرہ ارض کے تحفظ کو اپنے ایجنڈے میں سرفہرست رکھا-
فیصل ب فرحان نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب کی قیادت میں جی 20 میں شامل ملکوں نے ماحول سے متعلق کئی اہم پروگراموں کی سرپرستی قبول کی-
تحفظ اراضی اور سبزہ زاروں میں اضافے کے پروگرام خاص طور پر قابل ذکر ہیں-

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
 

 

 

شیئر: