Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھیں گے‘

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کی ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ جمعرات کو ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔ انہوں نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
وزیراعظم سے ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور خطے کے امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیراعظم عمران نے سعودی وزیر خارجہ کا استقبال کرتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات اور تاریخی روابط پر روشنی ڈالی۔
اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کی دفتر خارجہ آمد پر ان کے پاکستانی ہم منصب شاہ  محمود قریشی نے خیر مقدم کیا۔
وزارت خارجہ میں سعودی وزیر خارجہ کی مخدوم شاہ محمود قریشی سے ہونے والی ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے معاملات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کثیر الجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘
’وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی حمایت پر سعودی وزیر خارجہ اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ کا کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔‘
پاکستان کے دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات میں کہا کہ ’سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دیرینہ اور سٹرٹیجک تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔‘
’انہوں نے سعودی قیادت کی جانب سے خطے میں امن واستحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ سعودی عرب ایک مضبوط، خوشحال اور کامیاب پاکستان کے عزم پر کاربند ہے۔‘
وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے  کہا کہ پاکستان کے ساتھ تمام شعبہ جات میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے سعودی قیادت کے عزم و ارادے کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں وزراء خارجہ نے مسئلہ کشمیر میں پیشرفت سے متعلق اوآئی سی کے کردار پر بھی گفتگو کی۔ 
 

 سعودی وزیر خارجہ کی وزارت خارجہ میں مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی: فوٹو: دفتر خارجہ

 
مزید پڑھیں
  • Node ID: 447876
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ کیا تھا جہاں ریاض میں ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی تھی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ ہفتے ریاض میں  سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی ۔ فوٹو: اردو نیوز

سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور بین الاقوامی صورتحال پربات چیت کی گئی۔ دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
دریں اثنا  دورے کے حوالے سے وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے میں میں کہا گیا تھا کہ عمران خان کا دورہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان مختلف امور پر مشاورت کا تسلسل تھا۔
اعلامیے کے مطابق مئی 2019 کے بعد وزیر اعظم عمران خان کا سعودی عرب کا یہ چوتھا دورہ تھا ، مسلسل روابط اس سٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جذبہ خیرسگالی کے تحت وزیراعظم عمران خان کو رخصت کرنے ریاض ایئرپورٹ تک آئے۔

شیئر: