Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ سے برطانوی ہم منصب کا رابطہ

شہزادہ فیصل بن فرحان نے عرب وزرائے خارجہ کے وڈیو اجلاس میں بھی شرکت کی۔(فووٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے منگل کو برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ٹیلیفونک رابطے کے دوران سعودی عرب اور برطانیہ کے باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں مزید مضبوط بنانے کے طور طریقوں کاجائزہ لیا گیا۔ خطے کے حالات حاضرہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور بھی زیربحث آئے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس سے قبل برطانیہ کی وزیر تجارت لیزٹروس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ برطانیہ نے سعودی عرب کے  لیے اسلحہ کے سودے بحال کردیے ہیں۔ حکومت نے اس حوالے سے عدالتی حکم کی تعمیل کی تھی۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کو عرب وزرائے خارجہ کے وڈیو اجلاس میں بھی شرکت کی ہے۔ مسئلہ فلسطین کی تازہ صورتحال اور امن عمل کے منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اردن کی درخواست پر عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس امارات، مصر، اردن، مراکش، فلسطین اور سعودی عرب تک محدود رہا۔ یہی چھ ممالک  عرب امن فارمولا کمیٹی کے ممبر ہیں۔
اجلاس میں تیونس کے وزیر خارجہ، سلامتی کونسل میں عربوں کے نمائندے کی حیثیت سے شریک ہوئے جبکہ سلطنت عمان کے وزیر خارجہ عرب لیگ کے موجودہ سیشن کے سربراہ کی حیثیت سے شامل ہوئے۔ کویت کے وزیر خارجہ کو سلامتی کونسل کے سابق عرب رکن کے طور پر شریک  کیا گیا۔
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل بھی اجلاس میں شریک تھے۔

شیئر: