Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے نئے کیسز دوسرے دن بھی 400 سے کم

متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 36 ہزار766 ہو گئی ہے۔(فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔ پیر کو دوسرے دن بھی 400 سے بھی کم نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ 
 وزارت صحت کے مطابق پیر 5 اکتوبر کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 379 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 36 ہزار 766 ہو گئی ہے۔
 سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 570 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ اب تک 3 لاکھ 22 ہزار 55 افراد اس مرض سے شفایاب ہو چکے ہیں۔


گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 570 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز کورونا سے 23 افراد ہلاک ہوئے۔ اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 898 ہو چکی ہے۔
مملکت میں اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد کم ہو کر 9 ہزار813 رہ گئی جن میں سے 938 مریض انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرعلاج ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد مدینہ میں رہی جہاں 62 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
  الھفوف 31، ینبع 25، مکہ 25، ریاض 24، دمام 23، قطیف 14، عرعر 14، جدہ 11، الظہران 7، باحہ 6 اور طائف میں 6 کیسز کا پتا چلا ہے۔

اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد 9 ہزار813 ہے(فوٹو ایس پی اے)

اعداد و شمار کے مطابق 19 شہروں میں مریضوں کی تعداد ایک، ایک، 15 شہروں میں 2، 2 اور 9 شہروں میں 3،3 جبکہ 4 شہروں میں 4،4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سعودی عرب میں متعدی امراض سے بچاؤ اور وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
 وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ کورونا کے کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے اور ہم درست سمت میں جا رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا کے کیسز میں کمی کے حوالے سے اب تک تمام اشارے امید افزا ہیں۔

شیئر: