Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیخ مشعل الاحمد الصباح ولی عہد مقرر

امیر کویت کا فرمان آج پارلیمنٹ کو ارسال کردیا جائے گا، کل جمعرات کو ولی عہد کی بیعت ہوگی ( فوٹو: کونا)
امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے فرمان جاری کر کے شیخ مشعل الاحمد الصباح کو ولی عہد مقرر کر دیا ہے۔
کویتی نیوز ایجنسی (کونا) کے مطابق امیر کویت کا فرمان آج پارلیمنٹ کو ارسال کر دیا جائے گا، کل جمعرات کو پارلیمنٹ میں ولی عہد کی بیعت ہوگی۔
دوسری طرف ایوان امیری کے وزیر شیخ علی جراح الصباح نے کہا ہے کہ ’آل الصباح حکمران خاندان کے افراد نے امیر کویت کے اس فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے‘۔
’خاندان کے افراد نے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے‘۔
واضح رہے کہ شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نیشنل گارڈ کے نائب سربراہ رہے۔
وہ شیخ احمد الجابر الصباح کے ساتویں بیٹے ہیں۔

’آل الصباح حکمران خاندان کے افراد نے امیر کویت کے اس فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے‘ ( فوٹو: کونا)

انہوں نے وزارت داخلہ میں مختلف عہدوں پر کام کیا ہے۔ 1967 سے 1980 تک وہ محکمہ خفیہ کے سربراہ رہے۔ انہی کے دور میں محکمہ خفیہ کو پبلک پراسیکیوشن میں تبدیل کیا گیا۔
سابق امیر کویت شیخ جابر الاحمد نے انہیں 1977 میں شعراء کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا تھا۔
شیخ جابر نے ہی بعد ازاں انہیں نیشنل گارڈ کا نائب سربراہ مقرر کیا تھا۔

 

باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: